کراچی: ملیر ندی پل دو روز کے لیے بند، ٹریفک پولیس نے متبادل راستے جاری کر دیے
کراچی ٹریفک پولیس نے ہفتہ اور اتوار کے لیے راستوں کی بندش اور متبادل روٹس سے متعلق ٹریفک پلان جاری کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملیر ایکسپریس وے منصوبے کے تحت جاری تعمیراتی کام کے باعث ملیر ندی پل پر ٹریفک کی آمدورفت دو روز کے لیے معطل رہے گی۔ ٹریفک پولیس نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق 18 اور 19 جولائی کو ملیر ندی پل پر تعمیراتی کام کیا جائے گا، جس کے باعث دونوں اطراف سے پل صبح 7 بجے سے شام 7 بجے تک مکمل طور پر بند رہے گا۔
ٹریفک پلان کے مطابق ملیر سٹی ٹریفک سیکشن کی حدود میں ملیر ندی پل سے گزرنے والی ٹریفک عارضی طور پر روک دی جائے گی۔
شہریوں کی سہولت کے لیے متبادل راستے بھی مقرر کیے گئے ہیں۔ قائد آباد سے آنے والی ٹریفک شاہراہ بھٹو پر یوٹرن لے کر ملیر کی جانب جا سکے گی، جبکہ ملوک ہوٹل کی طرف سے آنے والی گاڑیاں ملیر ندی پل کے نیچے سے اسٹیل ملز کی جانب جا سکیں گی۔
ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ تعمیراتی کام کے دوران مقررہ متبادل راستے استعمال کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں تاکہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھی جا سکے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






