انا للہ وانا الیہ راجعون ، کرکٹ میچ کے دوران فائرنگ، 2 کھلاڑی جاں بحق

مستونگ میں کرکٹ میچ کے دوران فائرنگ، 2 کھلاڑی جاں بحق، حملہ آور فرار

بلوچستان کے ضلع مستونگ میں کرکٹ میچ کے دوران پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے دو کھلاڑی جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

پولیس کے مطابق واقعہ مستونگ کے علاقے شمس آباد کراس میں اس وقت پیش آیا جب مقامی کرکٹ گراؤنڈ میں میچ جاری تھا۔ اسی دوران نامعلوم مسلح افراد نے گراؤنڈ پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں دو کھلاڑی موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے۔

فائرنگ کے فوراً بعد گراؤنڈ میں بھگدڑ مچ گئی اور کھلاڑیوں سمیت تماشائی اپنی جانیں بچانے کے لیے مختلف سمتوں میں بھاگ نکلے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔

جاں بحق ہونے والے دونوں افراد کی لاشوں کو ضروری قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا، جبکہ پولیس نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنے اور واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا۔

پولیس کے مطابق حملہ آور فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، تاہم ان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔

واقعے کے خلاف شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق کھلاڑیوں کے لواحقین نے شہید نواب غوث بخش رئیسانی اسپتال کے سامنے کوئٹہ-کراچی قومی شاہراہ پر لاشیں رکھ کر احتجاج کیا، جس کے باعث شاہراہ پر ٹریفک معطل ہوگئی اور دونوں اطراف گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ اس دوران مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

بعد ازاں ضلعی انتظامیہ اور مظاہرین کے درمیان مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد احتجاج ختم کردیا گیا، جس کے نتیجے میں قومی شاہراہ کو ٹریفک کے لیے دوبارہ کھول دیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات جاری ہیں اور حملہ آوروں کو جلد قانون کی گرفت میں لانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close