تیار ہو جائیے ، الیکٹرک گاڑی کے خواہشمند افراد کیلئے شاندار اعلان

اسلام آباد: حکومت نے 2030 تک ملک بھر میں الیکٹرک وہیکلز (EVs) کی تعداد 22 لاکھ تک پہنچانے کا ہدف مقرر کرتے ہوئے الیکٹرک ٹرانسپورٹ کے فروغ کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات کا اعلان کر دیا ہے۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے صنعت و پیداوار کو دی گئی بریفنگ کے مطابق دو اور تین پہیوں والی الیکٹرک گاڑیوں کی خریداری کے لیے 9 ارب روپے کی سبسڈی مختص کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ الیکٹرک موٹر سائیکل خریدنے والے شہریوں کو فی موٹر سائیکل 80 ہزار روپے تک مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ اب تک پاکستان میں مقامی سطح پر 12 ہزار 800 سے زائد الیکٹرک گاڑیاں اور ایک لاکھ 60 ہزار الیکٹرک موٹر سائیکلیں تیار کی جا چکی ہیں، جو ملک میں اس شعبے کی تیز رفتار ترقی کی عکاسی کرتی ہیں۔

ماہرین کے مطابق الیکٹرک گاڑیوں کا فروغ درآمدی ایندھن پر انحصار کم کرنے، زرمبادلہ کی بچت، فضائی آلودگی میں کمی اور ماحول کے تحفظ میں اہم کردار ادا کرے گا۔

حکومت کا کہنا ہے کہ سبسڈی اسکیم کے ذریعے متوسط اور کم آمدنی والے طبقے کے لیے بھی الیکٹرک سواری کا حصول آسان بنایا جائے گا، جس سے نہ صرف عوام کو سستی سفری سہولت میسر آئے گی بلکہ ملک میں صاف اور پائیدار توانائی کے استعمال کو بھی فروغ ملے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close