سونا خریدنے والوں کے لیے خوشخبری، فی تولہ قیمت میں حیران کُن کمی

ملک میں مسلسل دو روز تک سونے کی قیمتوں میں نمایاں اضافے کے بعد آج کمی ریکارڈ کی گئی ہے اور فی تولہ سونا 1100 روپے سستا ہو گیا ہے۔

آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق مقامی صرافہ بازار میں فی تولہ سونے کی قیمت 1100 روپے کمی کے بعد 4 لاکھ 39 ہزار 836 روپے ہو گئی ہے۔

اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت 943 روپے کم ہو کر 3 لاکھ 77 ہزار 88 روپے تک آ گئی ہے۔

دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں کمی دیکھی گئی، جہاں فی اونس سونا 11 ڈالر سستا ہونے کے بعد 4 ہزار 174 ڈالر پر آ گیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز سونے کی قیمت میں غیرمعمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔ فی تولہ سونا 12 ہزار 200 روپے اضافے کے بعد 4 لاکھ 40 ہزار 936 روپے تک پہنچ گیا تھا، جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت 10 ہزار 459 روپے اضافے کے بعد 3 لاکھ 78 ہزار 31 روپے ہو گئی تھی۔

عالمی منڈی میں بھی گزشتہ روز سونے کے نرخوں میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا تھا، جہاں اسپاٹ گولڈ کی قیمت تقریباً ایک فیصد اضافے کے بعد 4 ہزار 165 ڈالر فی اونس تک پہنچ گئی تھی، جو 23 جون کے بعد بلند ترین سطح تھی۔ اسی دوران امریکی گولڈ فیوچرز میں بھی 1.3 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

ماہرین کے مطابق توقع سے کمزور امریکی جاب مارکیٹ کے اعداد و شمار کے باعث مہنگائی میں مزید اضافے اور شرح سود میں اضافے کے خدشات کم ہوئے، جس سے سونے کی قیمتوں کو سہارا ملا۔

اعداد و شمار کے مطابق جون میں نان فارم پے رولز میں صرف 57 ہزار نئی ملازمتوں کا اضافہ ہوا، جبکہ ماہرین نے ایک لاکھ 10 ہزار نئی ملازمتوں کی پیش گوئی کی تھی۔

ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ امریکی ڈالر کی قدر میں ہفتہ وار کمی سونے کی قیمتوں میں اضافے کی ایک اہم وجہ بنی، کیونکہ اس سے دیگر کرنسیوں کے حامل سرمایہ کاروں کے لیے سونا نسبتاً سستا ہو گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close