بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی قید تنہائی سے متعلق کیس میں اہم عدالتی حکم جاری

سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی مبینہ قید تنہائی سے متعلق کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے اہم حکم جاری کرتے ہوئے اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ سے تفصیلی رپورٹ اور جیل ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔

سماعت کے دوران جسٹس خادم حسین سومرو نے استفسار کیا کہ اگر دونوں قیدیوں کو قید تنہائی میں رکھا گیا ہے تو انہیں کس قانون کے تحت، کن حالات میں اور کتنے عرصے کے لیے تنہائی میں رکھا گیا، اور آیا یہ اقدام بطور سزا کیا گیا یا نہیں۔

عدالت نے قرار دیا کہ پہلے یہ جاننا ضروری ہے کہ درخواستیں قابلِ سماعت ہیں یا نہیں، اس حوالے سے فیصلہ رپورٹس موصول ہونے کے بعد کیا جائے گا۔

عدالت نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو ہدایت کی کہ وہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کی جیل میں موجودہ صورتحال، انہیں فراہم کی جانے والی سہولیات اور قید تنہائی سے متعلق عائد کیے گئے الزامات کی تفصیلی رپورٹ جمع کرائیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے یہ بھی حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر دونوں قیدیوں کا جیل ریکارڈ، رجسٹر ریکارڈ اور دیگر متعلقہ دستاویزات عدالت میں پیش کی جائیں۔ ساتھ ہی آئی جی جیل خانہ جات کو ہدایت کی گئی ہے کہ جیل انتظامیہ کا ایسا افسر عدالت میں پیش ہو جو کیس کے تمام حقائق اور حالات سے مکمل آگاہ ہو۔

عدالت نے تمام فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 6 اگست تک تفصیلی رپورٹس جمع کرانے کا حکم دے دیا ہے، جس کے بعد کیس کی مزید سماعت اور درخواستوں کے قابلِ سماعت ہونے یا نہ ہونے سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close