جہلم: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے اپنی زمین اپنا گھر پروگرام کے تحت جہلم میں 600 سے زائد شہریوں کو پلاٹوں کے الاٹمنٹ لیٹر جاری کر دیے گئے۔
حکام کے مطابق پروگرام کے تحت جہلم کے 727 شہریوں کی درخواستیں منظور کی گئیں، جبکہ وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے تقریب کے دوران 400 سے زائد مستحقین میں الاٹمنٹ لیٹر تقسیم کیے۔ مجموعی طور پر تین مرلہ پلاٹس کے لیے 600 سے زائد شہریوں کو الاٹمنٹ لیٹر جاری کیے گئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلال اظہر کیانی نے الاٹمنٹ لیٹر حاصل کرنے والے خاندانوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کا عوام کو اپنی چھت فراہم کرنے کا وعدہ عملی شکل اختیار کر رہا ہے، جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف ہزاروں خاندانوں کو رہائشی سہولت فراہم کر چکی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم کی جانب سے وفاقی سطح پر پرائم منسٹر اپنا گھر رعایتی قرض اسکیم بھی شروع کی گئی ہے، جس کے تحت بینکوں کے ذریعے 5 فیصد کی کم ترین شرح سود پر ایک کروڑ روپے تک کے قرضے فراہم کیے جا رہے ہیں۔
اس موقع پر الاٹمنٹ لیٹر حاصل کرنے والے شہریوں نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف اور وزیر مملکت بلال اظہر کیانی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس منصوبے کو عوامی فلاح کا اہم اقدام قرار دیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






