پاکستان نے تاریخ رقم کر دی، پہلی بار کینسر کی کار ٹی سیل تھراپی کا کامیاب تجربہ

اسلام آباد: پاکستان نے جدید طبی سائنس کے میدان میں ایک اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے پہلی بار کار ٹی سیل (CAR-T Cell) تھراپی کامیابی سے انجام دے دی، جس کے بعد ملک جدید کینسر علاج کی صلاحیت رکھنے والے ممالک کی صف میں شامل ہو گیا۔

مسلح افواج کے بون میرو ٹرانسپلانٹ سینٹر کے ماہرین نے برسوں کی تحقیق اور تیاری کے بعد پاکستان میں پہلی مرتبہ کار ٹی سیل تھراپی کامیابی سے مکمل کی، جس کے نتیجے میں 21 سالہ مریض مکمل صحت یابی کی جانب گامزن ہو گیا۔

ماہرین کے مطابق یہ کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کا طبی شعبہ پیچیدہ اور جدید بیماریوں کے علاج کی صلاحیت رکھتا ہے اور اب ملک میں عالمی معیار کی جدید کینسر تھراپی بھی دستیاب ہو چکی ہے۔

طبی ٹیم کا کہنا ہے کہ اس کامیابی میں مریض اور اس کے اہل خانہ کے حوصلے اور تعاون نے بھی اہم کردار ادا کیا، جبکہ آرمی میڈیکل کور کے ماہرین کی انتھک محنت نے اس جدید علاج کو ممکن بنایا۔

ماہرین کے مطابق کار ٹی سیل تھراپی خون کے بعض اقسام کے کینسر کے علاج کی جدید ترین تکنیکوں میں شمار ہوتی ہے، اور اس کامیابی کے بعد پاکستان نے جدید طبی تحقیق اور علاج کے میدان میں اپنی صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ کیا ہے۔

طبی حلقوں کا کہنا ہے کہ یہ پیش رفت نہ صرف ملک کے صحت کے شعبے کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے بلکہ اس سے قومی اعتماد میں بھی اضافہ ہوگا اور مستقبل میں مزید جدید علاج کی راہیں ہموار ہوں گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close