بلوچستان بس حادثہ: زخمی مسافر کے اہم انکشافات سامنے آ گئے

بلوچستان میں بس حادثے کے زخمی مسافر نے انکشاف کیاہے کہ بس ڈرائیور کی ڈیزل کے معاملے پر مسافروں سے تلخ کلامی ہوئی،  تلخ کلامی کے دوران مسافروں نے کہا کہ ہم تمہیں پشاور پہنچ کر دیکھ لیں گے ، ڈرائیور نے دھمکی دی کہ پشاور زندہ پہنچوگے تو ہی دیکھو گے جس کے بعد بس کو حادثہ پیش آیا ۔

بلوچستان کے ضلع شیرانی میں حادثے کا شکا ر ہونے والی بس کے زخمی مسافر نے سماء ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ 4 بجے بس کی ٹکٹ تھی لیکن وہ 6 بجے روانہ ہوئی، ڈرائیور کا رویہ سواریوں کے ساتھ صحیح نہیں تھا، چیک پوسٹ پر ایف سی والوں نے بس کو کھڑا کیا ، بس میں ضرورت سے زیادہ ڈیزل تھا، بس میں ایک بزرگ آدمی تھا وہ اتر کر  گیا اور اس نے ایف سی والوں سے کہا کہ بھائی جان اگر آپ کا ڈیزل کے ساتھ مسئلہ ہے یعنی سمگلنگ کا معاملہ ہے تو ڈیزل نکالو اور بس کو چھوڑ دو ، تاکہ مسافر اپنے اپنے گھر میں پہنچ جائیں، ایف سی والوں نے بس میں سے چھ کین ڈیزل اتارا، جب وہاں سے روانہ ہوئے تو ڈرائیور نے بوڑے شخص کو بولا کہ تم نے کیوں ایف سی والوں سے یہ بات کہی تھی، اب میں تمہیں یہیں بس سے اتاروں گا،  بس میں موجود تمام مسافروں نے کہا کہ اگر تم بزرگ کو اتارو گے تو پھر ہم سب اتریں گے، تھوڑی آگے جا کر بس ڈرائیور نے پھر سے بس روک دی، پھر ہم نے بس والے سے بات چیت کی، پشاور کے تین لوگ تھے انہوں نے ڈرائیور کو کہا کہ تم یہاں تو ہمیں گاڑی سے اتار دو گے لیکن ہم تمہیں پشاور میں دیکھ لیں گے، ڈرائیور نے کہا کہ میں تمہیں پشاور زندہ پہنچاوں گا تو پھر ہی تم دیکھو گے،اس کے بعد بس کو حادثہ پیش آگیا۔

بلوچستان کے ضلع شیرانی میں پیش آنے والے افسوسناک حادثے میں 40 مسافر جاں بحق ہو گئے جبکہ متعدد زخمی ہوئے ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close