صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہبازشریف نے یوم عاشور پر پیغام میں کہا ہے کہ یوم عاشور صبر، استقامت، ایثار، حق گوئی اور اصولوں پر ثابت قدم رہنے کا درس دیتا ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ واقعہ کربلا محض ایک تاریخی سانحہ نہیں، ایک دائمی پیغام اور ایک زندہ درسگاہ ہے، یوم عاشور پر امن، رواداری، احترام اور بھائی چارے کی فضا کو فروغ دیں، افواہوں اور اشتعال انگیز رویوں سے اجتناب کیا جائے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ یوم عاشورہ کا دن اسلامی تاریخ کا ایک عظیم اور فکر انگیز باب ہے۔ جو انسانیت کو ایمان، صبر، استقامت، ایثار، حق پسندی اور اصلاح معاشرہ کے لازوال اسباق فراہم کرتا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ یوم عاشور اللہ تعالیٰ کی نصرت، اہل ایمان کی کامیابی اور حق کی سربلندی کے لیے دی جانے والی عظیم قربانیوں کی یاد تازہ کرتا ہے۔ نواس رسول ﷺ حضرت امام حسینؓ اور ان کے جانثار ساتھیوں کی بے مثال قربانی نے اس دن کو تاریخ اسلام میں دائمی اہمیت عطا کی۔
انہوں نے کہا کہ واقعہ کربلا انسانیت کو یہ درس دیتا ہے کہ اصولوں، اقدار، عدل و انصاف اور حق و صداقت کی خاطر ہر قربانی دینا ظلم، جبر اور باطل کے سامنے جھکنے سے کہیں بہتر ہے۔ حضرت امام حسینؓ نے اپنے عمل سے ثابت کیا کہ انسانی عظمت اور انصاف کے تحفظ کے لیے ڈٹ جانا ہی حقیقی کامیابی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ واقعہ کربلا اصلاح امت، احیائے سنت نبوی ﷺ اور امر بالمعروف و نہی عن المنکر کی جدوجہد کی روشن مثال ہے۔ جو ہمیں اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی میں عدل، برداشت، ذمہ داری اور خدمت خلق جیسی اقدار اپنانے کی تلقین کرتی ہے۔
انہوں نے علمائے کرام، مشائخ عظام، ذاکرین، میڈیا اور نوجوان نسل سے اپیل کی گئی کہ وہ یوم عاشور کے حقیقی پیغام کو اجاگر کریں، بین المسالک ہم آہنگی اور احترام کو فروغ دیں اور نفرت، اشتعال انگیزی اور انتشار سے گریز کریں۔پیغام میں عہد کیا گیا کہ حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں سے رہنمائی لیتے ہوئے حق و انصاف کے ساتھ اپنی وابستگی کو مضبوط کریں گے۔ محروم اور کمزور طبقات کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائیں گے۔ اور ایک مضبوط، متحد اور پرامن معاشرے کے قیام کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






