اصولوں پر قربانی دینا ظلم کے سامنے جھکنے سے بہتر ہے، وزیرِ اعظم شہباز شریف

اسلام آباد: یومِ عاشور کے موقع پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے الگ الگ پیغامات میں واقعۂ کربلا کو حق، عدل، صبر اور انسانی وقار کی لازوال علامت قرار دیتے ہوئے بین المسالک ہم آہنگی، رواداری اور قومی یکجہتی کے فروغ پر زور دیا۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ یومِ عاشور اسلامی تاریخ کا ایک عظیم دن ہے جو صبر، استقامت اور حق گوئی کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواسۂ رسول حضرت امام حسینؓ اور اہلِ بیتؓ نے باطل کے سامنے سر جھکانے کے بجائے عظیم قربانی پیش کی، جو قیامت تک امتِ مسلمہ کے لیے مشعلِ راہ رہے گی۔

صدرِ مملکت نے عوام سے اپیل کی کہ وہ افواہوں، اشتعال انگیز رویوں اور انتشار سے گریز کرتے ہوئے قومی وحدت اور بھائی چارے کے فروغ میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ واقعۂ کربلا اصلاحِ امت، احیائے سنتِ نبوی ﷺ اور امر بالمعروف و نہی عن المنکر کی عظیم مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ امام حسینؓ کا طرزِ عمل اس حقیقت کو اجاگر کرتا ہے کہ اصولوں اور حق کے لیے قربانی دینا ظلم و جبر کے سامنے جھکنے سے کہیں افضل ہے۔

وزیراعظم نے علمائے کرام، نوجوانوں اور پوری قوم پر زور دیا کہ اختلافات اور انتشار کو مسترد کرتے ہوئے باہمی احترام، برداشت اور اتحاد کو فروغ دیں۔ انہوں نے کہا کہ محروم طبقات کے حقوق کا تحفظ اور ایک پرامن، متحد اور مضبوط معاشرے کی تشکیل وقت کی اہم ضرورت ہے۔

صدر اور وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ واقعۂ کربلا سے ملنے والے اسباق کو اپناتے ہوئے ملک میں امن، بھائی چارے اور قومی یکجہتی کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close