ملک بھر میں 9 محرم الحرام کے مرکزی جلوس اختتام پذیر

اسلام آباد: ملک بھر میں محرم الحرام کے سلسلے میں جلوسوں اور مجالس کے لیے غیر معمولی سکیورٹی انتظامات کیے گئے، جبکہ راولپنڈی، لاہور، پشاور اور دیگر شہروں میں نویں محرم الحرام کے مرکزی جلوس پرامن طور پر اختتام پذیر ہوگئے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں جی-6 امام بارگاہ اثنا عشری سے نویں محرم کا جلوس برآمد ہوا، جو اپنے روایتی راستوں سے گزرتا ہوا دوبارہ امام بارگاہ اثنا عشری پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔ جلوس کے دوران سخت سکیورٹی انتظامات نافذ رہے۔

راولپنڈی میں نویں محرم کا مرکزی جلوس چٹیاں ہٹیاں سے برآمد ہو کر مقررہ راستوں سے گزرتا ہوا امام بارگاہ کرنل مقبول پہنچا جہاں اختتام پذیر ہوا۔ جلوس کے راستوں پر کاروباری مراکز بند رہے جبکہ حساس مقامات پر سنائپرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار تعینات رہے۔

پشاور میں شبِ عاشور کے جلوس امام بارگاہ قمر بنی ہاشم، سائیں زرین اور دیگر مقامات سے برآمد ہوئے۔ انتظامیہ کے مطابق مجموعی طور پر 16 جلوس اپنے قدیمی راستوں پر رواں رہے۔ سکیورٹی کے لیے بم ڈسپوزل سکواڈ، ریسکیو 1122 اور پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی جبکہ بعض علاقوں میں موبائل فون سروس بھی معطل رکھی گئی۔

کوئٹہ میں نویں محرم کا مرکزی جلوس اپنے روایتی راستوں سے گزرتا ہوا امام بارگاہ ناصر العزا پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔ جلوس کی سکیورٹی کے لیے پولیس، ایف سی اور بلوچستان کانسٹیبلری کے آٹھ ہزار سے زائد اہلکار تعینات رہے جبکہ ڈرونز اور سیف سٹی کیمروں کے ذریعے نگرانی کی گئی۔

کراچی میں نشتر پارک میں مرکزی مجلسِ عزا کے بعد مرکزی جلوس برآمد ہوا جو مقررہ راستوں سے گزرتا ہوا حسینیہ ایرانیاں کھارادر پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔ جلوس کی گزرگاہوں کو کنٹینرز کے ذریعے سیل کیا گیا جبکہ روٹ پر واقع بازار اور دکانیں بند رکھی گئیں۔

حیدرآباد میں انجمن گلدستہ اکبر کے زیر اہتمام نویں محرم کا مرکزی جلوس لطیف آباد نمبر 5 سے برآمد ہوا، جو اپنے روایتی راستوں کا گشت مکمل کرنے کے بعد اختتام پذیر ہوگیا۔ جلوس میں علمِ عباس، شبیہ ذوالجناح، شبیہ تابوت اور دیگر تبرکات شامل تھے جبکہ سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close