اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کا بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کا مطالبہ درست ہے، تاہم کراچی کے طرز پر بلدیاتی انتخابات کروانے سے بہتر ہے کہ انتخابات نہ کروائے جائیں۔
بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ کراچی ماڈل کے بلدیاتی نظام اور انتخابات کے نتائج پر پہلے ہی کئی سیاسی جماعتوں کو تحفظات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی اس حوالے سے تفصیلات جاننا چاہتا ہے تو حافظ نعیم الرحمٰن یا خالد مقبول صدیقی سے پوچھ سکتا ہے۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ لاہور اور اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات جلد از جلد ہونے چاہئیں، لیکن خدارا لاہور پر کراچی جیسا بلدیاتی نظام نافذ نہ کیا جائے۔
انہوں نے زور دیا کہ بلدیاتی نظام ایسا ہونا چاہیے جو مقامی حکومتوں کو بااختیار بنائے اور شہری مسائل کے حل میں مؤثر کردار ادا کر سکے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






