اسلام آباد پمز ہسپتال میں ہائی الرٹ نافذ

اسلام آباد: محرم الحرام کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پمز ہسپتال میں ہائی الرٹ نافذ کر دیا گیا ہے۔ پمز انتظامیہ کی جانب سے جاری سرکلر کے مطابق 26 جون تک ہسپتال میں خصوصی ایمرجنسی انتظامات برقرار رہیں گے۔

سرکلر کے مطابق تمام شفٹوں اور ایمرجنسی سٹاف کو معمول کے مطابق ڈیوٹی انجام دینے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ ہسپتال کے تمام کلینیکل اور نان کلینیکل شعبوں کے لیے خصوصی ایمرجنسی ڈیوٹی روسٹرز بھی تیار کر لیے گئے ہیں۔

انتظامیہ کے مطابق نیورو سرجری، آرتھوپیڈک اور جنرل سرجری کے شعبوں میں اضافی آن کال سٹاف تعینات کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال میں فوری طبی امداد فراہم کی جا سکے۔

پمز ہسپتال میں ایمرجنسی حالات کے لیے 10 بیڈز بھی مختص کیے گئے ہیں، جبکہ بلڈ بینک میں خون کا وافر ذخیرہ موجود ہے تاکہ ضرورت پڑنے پر مریضوں کو بروقت سہولت فراہم کی جا سکے۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ محرم الحرام کے دوران شہریوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close