سرکاری ملازمین کے بچوں کے لیے بری خبر

پشاور: خیبر پختونخوا حکومت نے ریٹائر اور فوت شدہ سرکاری ملازمین کے بچوں کے کوٹے سے متعلق نئی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی حکومت نے سپریم کورٹ اور وفاقی آئینی عدالت کے فیصلوں کی روشنی میں تمام متعلقہ محکموں کو مراسلہ ارسال کیا ہے۔ مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ 26 ستمبر 2024 کے بعد فوت یا ریٹائر ہونے والے ملازمین کے بچوں کو کوٹے کے تحت نئی بھرتی نہیں دی جائے گی۔

حکومتی ہدایات میں کہا گیا ہے کہ اس تاریخ سے پہلے کے زیر التوا کیسز کو قانون کے مطابق نمٹایا جائے گا، جبکہ ہر کیس کا فیصلہ اس کے حقائق اور قانونی حیثیت کو مدنظر رکھ کر کیا جائے گا۔

مزید کہا گیا ہے کہ تمام انتظامی محکمے ہر کیس کا الگ الگ میرٹ اور عدالتی فیصلوں کی روشنی میں جائزہ لیں گے۔ محکمہ ہیومن ریسورس نے ہدایت کی ہے کہ مشکوک کیسز کو محکمہ قانون کو بھجوایا جائے تاکہ ان کا قانونی طور پر جائزہ لیا جا سکے۔

صوبائی حکومت نے تمام ضلعی انتظامیہ اور محکموں کو ہدایت کی ہے کہ نئی ہدایات پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close