مذاکرات کے دوران صدر ٹرمپ کے بیانات پر ایران کا احتجاج

تہران: ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکیوں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران امریکی دھمکیوں کو خاطر میں نہیں لاتا اور ہر قسم کے جواب کے لیے تیار ہے۔

صدر ٹرمپ کے حالیہ بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے باقر قالیباف نے کہا کہ ہم امریکیوں کی دھمکیوں پر غور نہیں کرتے۔ اگر ان کی دھمکیوں کا کوئی اثر ہوتا تو آج وہ اس مایوسی کی کیفیت میں نہ ہوتے۔

انہوں نے کہا کہ امریکی حکام کو اپنے بیانات میں محتاط رہنا چاہیے کیونکہ ایران کی مسلح افواج مختلف انداز میں جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ جو بھی باتیں کریں، ایران اپنے عمل سے جواب دینا جانتا ہے۔

دوسری جانب ایرانی میڈیا کے مطابق امریکی صدر کے بیانات پر ایرانی مذاکراتی ٹیم نے بھی احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔ رپورٹس کے مطابق ایرانی وفد نے امریکی وفد سے ملاقات کے دوران ٹرمپ کے بیانات پر اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے باضابطہ احتجاج کیا۔

ایرانی ذرائع کا کہنا ہے کہ مذاکراتی ٹیم نے واضح کیا کہ دھمکی آمیز بیانات جاری مذاکراتی ماحول پر منفی اثرات مرتب کر سکتے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close