کیا آزاد کشمیر کی حالیہ کشیدگی کا سب سے بڑا فائدہ بھارت اٹھا رہا ہے؟

اسلام آباد : پاکستان مسلم لیگ (ن) اسلام آباد کی سینیئر رہنما بیگم شاہدہ قدیر نے کہا ہے کہ پاکستان اور کشمیر ایک دوسرے سے الگ نہیں بلکہ ایک جسم اور روح کی مانند ہیں اور دونوں کے مفادات، مستقبل اور استحکام ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ایسے عناصر جو کشمیری عوام کے دلوں میں پاکستان کے خلاف نفرت پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں درحقیقت پاکستان اور کشمیر دونوں کے دشمن ہیں، اس لیے پاکستان اور کشمیری عوام کے درمیان نفرت پیدا کرنے والی سوچ اور بیانیوں کی حوصلہ شکنی ضروری ہے۔

بیگم شاہدہ قدیر نے کہا کہ موجودہ کشیدگی سے سب سے زیادہ فائدہ بھارت اٹھا رہا ہے، لہٰذا تاریخ سے سبق سیکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت، ریاستی ادارے، سیاسی جماعتیں اور سول سوسائٹی عوامی مسائل کے حل، سیاسی مفاہمت اور انصاف پر مبنی حکمرانی کو ترجیح دیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر میں حالات کی خرابی میں بعض سیاسی جماعتوں کا بھی کردار رہا ہے جنہوں نے مقامی مسائل کے حل کے بجائے سیاسی مفادات کو ترجیح دی۔ انہوں نے تمام فریقین پر زور دیا کہ الزام تراشی اور محاذ آرائی کے بجائے مذاکرات اور افہام و تفہیم کے ذریعے عوامی مسائل حل کیے جائیں۔

بیگم شاہدہ قدیر نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام محب وطن ہیں اور پاکستان کے ساتھ ان کا رشتہ قربانیوں، عقیدت اور مشترکہ جدوجہد پر مبنی ہے، اس لیے اس رشتے کو کمزور کرنے کے بجائے مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close