وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت نے بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کو خاطر خواہ ریلیف فراہم کیا ہے۔ جبکہ ملک میں میکرو اکنامک استحکام آ چکا ہے، جسے اپوزیشن کو بھی تسلیم کرنا چاہیے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے قومی اسمبلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ جمہوری روایات کی امین ہے۔ تاہم ماضی میں ایوان میں ہنگامہ آرائی، دستاویزات پھاڑنے اور احتجاجی رویئے بھی دیکھے گئے۔ اپوزیشن کو حکومت کے مثبت اقدامات کی تعریف کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ 50 ہزار روپے ماہانہ تک آمدن رکھنے والوں پر کوئی ٹیکس عائد نہیں کیا گیا۔ جبکہ 50 ہزار سے ایک لاکھ روپے تک تنخواہ لینے والوں کے لیے ٹیکس کی شرح صرف ایک فیصد مقرر کی گئی ہے۔ حکومت نے مشکل معاشی حالات میں معیشت کو سنبھالا اور ملک کو ڈیفالٹ کے خطرے سے نکالا۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے ریاستی مفاد میں سیاسی قربانیاں دیں اور بین الاقوامی مالیاتی اداروں کے ساتھ مذاکرات کے ذریعے معاشی استحکام حاصل کیا۔ ایک وقت ایسا تھا جب زرمبادلہ کی صورتحال غیر مستحکم تھی، درآمدی کاروبار متاثر ہو رہا تھا اور لیٹر آف کریڈٹ کھولنے میں مشکلات پیش آ رہی تھیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ مہنگائی کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے۔ شرح سود کم ہوئی ہے اور معیشت درست سمت میں گامزن ہے۔ ملکی اداروں اور سیکیورٹی قیادت کی کاوشوں نے بھی استحکام کے عمل میں اہم کردار ادا کیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






