اسلام آباد: پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رکنِ قومی اسمبلی اقبال آفریدی کی رکنیت موجودہ سیشن کیلئے معطل کردی گئی اور ایوان سے نکال دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے اہم اجلاس کے دوران اسپیکر ایاز صادق کی سخت برہمی اور ایوان کی منظوری کے بعد پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رکنِ قومی اسمبلی اقبال آفریدی کی رکنیت موجودہ سیشن کے لیے فوری طور پر معطل کر دی گئی ہے۔
یہ تادیبی کارروائی پارلیمنٹ ہاؤس کے گیٹ پر سیکیورٹی اہلکار کے ساتھ بدتمیزی کرنے پر عمل میں لائی گئی۔
قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران اسپیکر ایاز صادق نے اس ناخوشگوار واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے سخت موقف اختیار کرتے ہوئے کہا پی ٹی آئی کے رکن اقبال آفریدی نے پارلیمنٹ ہاؤس کے گیٹ نمبر 1 پر ڈیوٹی پر مامور سیکیورٹی اہلکار کے ساتھ انتہائی نازیبا رویہ اختیار کیا اور بدتمیزی کی۔
اسپیکر کی جانب سے رکنیت معطل کرنے کی تحریک پیش کی گئی، جسے قومی اسمبلی کے ایوان نے کثرتِ رائے سے منظور کر لیا، جس کے بعد موجودہ اجلاس کے لیے ان کے پارلیمنٹ میں داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی۔
تحریکِ معطلی منظور ہونے کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے پی ٹی آئی کے معطل رکن کو فوری طور پر اسمبلی ہال چھوڑنے کا حکم دیا۔
اسپیکر نے سخت لہجے میں اقبال آفریدی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا “آپ کی عزت اسی میں ہے کہ آپ اب ایوان سے باہر نکل جائیں۔ اگر آپ خود باہر نہ گئے تو پھر ہمیں آپ کو زبردستی ایوان سے باہر نکالنا پڑے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسے ارکان کو جو قانون نافذ کرنے والے اور سیکیورٹی اہلکاروں کی عزت نہیں کرتے، کسی صورت رعایت نہیں دی جا سکتی۔”
اسپیکر کی جانب سے حتمی وارننگ ملنے اور رکنیت معطل ہونے کی تحریک منظور ہونے کے بعد، پی ٹی آئی کے رکن اقبال آفریدی بغیر کسی مزید مزاحمت کے خاموشی سے قومی اسمبلی کے ایوان سے باہر چلے گئے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






