اسلام آباد وفاقی وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ کشمیر کاز کو نقصان پہنچانے کے لیے غیر ملکی ہاتھ ملوث ہیں۔
قومی اسمبلی میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مہاجر نشستوں کا خاتمہ ممکن نہیں اور ایسا کرنے سے کشمیر کے مسئلے کو نقصان پہنچے گا۔
وزیرِ قانون کے مطابق آزاد کشمیر میں سستی بجلی اور آٹے پر سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ کشمیر اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کاز کو نقصان پہنچانے کے لیے غیر ملکی عناصر ملوث ہیں۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ 12 مہاجر نشستوں سے متعلق مطالبات سامنے آئے ہیں، تاہم یہ نشستیں کشمیر کے نظریے سے جڑی ہوئی ہیں اور انہیں ختم نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ آزاد کشمیر اس معاملے پر فیصلہ دے چکی ہے، جبکہ گلگت بلتستان انتخابات سے متعلق بے بنیاد دعوے کیے جا رہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ آئین میں تبدیلی پارلیمان کا اختیار ہے اور نو منتخب پارلیمان اس پر فیصلہ کرے گی۔ انہوں نے اپوزیشن پر زور دیا کہ سیاسی پوائنٹ اسکورنگ سے گریز کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آرٹیکل 164 کے تحت صوبوں سے مشاورت کے ساتھ فیصلے کیے گئے ہیں، یہ عوامی وسائل ہیں۔ ان کے مطابق ملک کو ڈیفالٹ کے دہانے پر چھوڑا گیا تھا۔
اعظم نذیر تارڑ نے اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ حکومت پری بجٹ بریفنگ دینے اور تمام سوالات کے جواب دینے کے لیے تیار ہے، تاہم اس کے لیے سیاسی ماحول کو بہتر بنانا ہوگا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں





