بیف پنیر بریانی اور کھیر سے بنائیں،عید مزے دار

مزے دار بریانی اور خوش ذائقہ و صحت بخش کھیر کا شمار ہمارے خطے کی مقبول ترین ڈشز میں ہوتا ہے۔ یہ نہ صرف عام و خاص کے پسندیدہ کھانوں میں شامل ہیں بلکہ برِصغیر کی شاندار ثقافت اور درخشاں روایات کی بھی عکاسی کرتے ہیں۔

اس کے علاوہ یہ پکوان اجتماعی میل جول اور اپنائیت کو بھی فروغ دیتے ہیں، کیونکہ شادی بیاہ سمیت مختلف تقریبات میں انہیں خصوصی طور پر تیار کیا جاتا ہے۔

سو آج ہم اپنے قارئین کے لیے بیف پنیر بریانی اور کھیر کی تراکیب پیش کر رہے ہیں۔ آپ ضرور آزمائیں اور اپنے اتوار کو مزید لذیذ بنائیں۔ امید ہے یہ پکوان آپ کے اہلِ خانہ کو اس قدر پسند آئیں گے کہ پھر انہیں پورا ہفتہ ’’سنڈے فیسٹ‘‘ کا انتظار رہے گا۔

بیف پنیر بریانی

اجزاء: کاٹیج پنیر 250 گرام، میدہ چار کھانے کے چمچ، خوردنی تیل ایک پاؤ، بیف کے پسندے آدھا کلو، دہی آدھا پاؤ، لونگ 6 عدد، الائچی 6 عدد، زعفران ایسنس چند قطرے، پیاز ایک عدد، لہسن اور ادرک کا پیسٹ دو چائے کے چمچ، نمک حسب ذائقہ، گھی آدھا کپ اور چاول آدھا کلو۔

ترکیب: سب سے پہلے کاٹیج پنیر کو کیوبز کی شکل میں کاٹ لیں۔ ایک پیالے میں میدہ پانی میں گھول کر بیٹر سے اچھی طرح مکس کریں۔ اس میں پنیر کے کیوبز ڈِپ کرکے ڈیپ فرائی کریں۔ ہلکا براؤن ہونے پر انہیں نکال کر الگ رکھ دیں۔

اب بیف کے پارچوں کو کیوبز میں کاٹ کر پانی اور نمک کے ساتھ ابال لیں۔ جب گوشت گل جائے اور پانی خشک ہو جائے تو چولہے سے اتار لیں۔ اسی دوران چاول ابال کر ایک کنی رہ جانے پر چھان لیں۔

اب گوشت میں دہی، پنیر، لونگ، الائچی، زعفران ایسنس، پیاز، لہسن، ادرک اور نمک شامل کرکے اچھی طرح مکس کریں۔ پھر ایک دیگچی میں چاول اور تیار شدہ مصالحے کی تہیں لگائیں۔ آخر میں گھی گرم کرکے اوپر ڈالیں اور دم پر رکھ دیں۔ تیار ہونے پر ڈش میں نکال کر سرو کریں۔

کھیر

اجزاء: دودھ ایک لیٹر، کنڈینسڈ ملک دو کھانے کے چمچ، ابلے ہوئے چاول آدھا کلو، الائچی پاؤڈر ایک چائے کا چمچ، پستہ ایک کھانے کا چمچ، بادام ایک کھانے کا چمچ، کشمش ایک کھانے کا چمچ اور چھوہارے دو عدد۔

ترکیب: ایک برتن میں دودھ ابال لیں۔ اس میں کنڈینسڈ ملک شامل کرکے اچھی طرح مکس کریں۔ اب ابلے ہوئے چاول ڈال کر مسلسل چمچ چلاتے رہیں یہاں تک کہ آمیزہ گاڑھا ہو جائے۔

اس کے بعد الائچی پاؤڈر شامل کریں اور اچھی طرح مکس کریں۔ آخر میں پستہ، بادام، کشمش اور کٹے ہوئے چھوہارے ڈال کر اچھی طرح مکس کریں۔ کچھ دیر بعد مزیدار کھیر تیار ہے، جسے ٹھنڈا کرکے پیش کیا جا سکتا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close