واٹر کارپوریشن نے 48 گھنٹے کا کام 33 گھنٹوں میں مکمل کر کے ریکارڈ قائم کر دیا

کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن نے دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر جاری اہم تکنیکی کام مقررہ وقت سے پہلے مکمل کرتے ہوئے شہر میں پانی کی فراہمی بحال کر دی۔

ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کی ہدایت پر ادارے نے 48 گھنٹوں میں مکمل ہونے والا کام صرف 33 گھنٹوں میں مکمل کر لیا، جس کے نتیجے میں شہر کے 95 فیصد علاقوں میں پانی کی سپلائی بحال ہو چکی ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ دھابیجی کے K-2 پمپس ہاؤس سے پانی کی فراہمی کامیابی سے بحال کر دی گئی ہے جہاں تین پمپس فعال کر دیے گئے ہیں۔ ان پمپس کی فعالیت سے شہر کو یومیہ مزید 100 ملین گیلن پانی کی فراہمی ممکن ہو گئی ہے، جس کے بعد مجموعی فراہمی 600 ملین گیلن یومیہ تک پہنچ گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہر کو روزانہ 650 ملین گیلن پانی فراہم کیا جاتا ہے اور اس وقت صرف 50 ملین گیلن پانی کی کمی کا سامنا ہے۔

مزید بتایا گیا کہ مختلف علاقوں میں پانی کی فراہمی مرحلہ وار بحال کی جا رہی ہے۔ گلشن اقبال، اسکیم 33 اور گلستان جوہر میں پانی کی سپلائی مکمل طور پر بحال ہو چکی ہے جبکہ نیپا، صفورا اور سخی حسن ہائیڈرنٹس سے بھی پانی کی ترسیل دوبارہ شروع ہو گئی ہے۔

تاہم صدر، چنیسر، لانڈھی اور کورنگی کے ٹیل اینڈ علاقوں میں پانی کی فراہمی میں جزوی کمی کا امکان ہے، جبکہ شہر کے دیگر تمام علاقوں میں پانی کی سپلائی معمول کے مطابق جاری ہے۔

ترجمان کے مطابق میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، سی ای او واٹر کارپوریشن احمد علی صدیقی اور سی او او انجینئر اسداللہ خان نے مقررہ وقت سے پہلے کام مکمل ہونے پر عملے کی شبانہ روز محنت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ واٹر کارپوریشن کا عملہ شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے اور مستقبل میں بھی ایسے اقدامات کا سلسلہ برقرار رکھا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close