چوہدری پرویز الٰہی کو کہاں منتقل کیا جائیگا؟ ڈی جی اینٹی کرپشن نے بتا دیا

لاہور (پی این آئی) چوہدری پرویز الٰہی کو رہائی کے بعد دوبارہ گرفتار کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن عدالت نے پرویز الہی کو کرپشن کے مقدمے سے بری کرنے کا حکم دیا تاہم انہیں ایک اور مقدمے میں گرفتار کر لیا گیا ہے اور انہیں اب گوجرانوالہ منتقل کیا جائیگا۔

سابق وزیر اعلٰی پنجاب کو اینٹی کرپشن پولیس نے گوجرانوالہ میں درج مقدمے میں گرفتار کیا۔ڈی جی اینٹی کرپشن سہیل ظفر چٹھہ نے کہا کہ پرویز الٰہی کو جلد گوجرانوالہ منتقل کر دیا جائے گا،سابق وزیراعلٰی پنجاب کی بریت کے فیصلے کیخلاف اپیل دائر کریں گے،عدالتی فیصلے میرٹ کے برعکس آیا ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل اینٹی کرپشن عدالت نے ترقیاتی منصوبوں میں کرپشن کے کیس میں پرویز الہی کو مقدمے سے بری اور رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے صدر پرویز الہی کے خلاف ترقیاتی منصوبوں میں کرپشن کے کیس میں جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ سنایا۔اینٹی کرپشن پولیس سخت سیکیورٹی میں پرویز الہی کو لے کر ضلع کچہری پہنچی جہاں انہوں نے کمرہ عدالت میں بیٹے راسخ الہی سے بھی ملاقات کی۔ دوران سماعت پرویزالٰہی کے وکیل ایڈووکیٹ رانا انتظار نے بتایا کہ تمام منصوبوں سے متعلق دستاویزات موجود ہیں جس پر عدالت نے واضح کیا کہ دلائل سننے کے بعد قانون کے مطابق فیصلہ کرنا ہے۔ فاضل جج نے ریمارکس دیئے کہ اینٹی کرپشن کی اپنی مرضی ہے جو مرضی کریں۔جوڈیشل مجسٹریٹ نے محفوظ فیصلہ سنایا اور چوہدری پرویز الہی کو بری کر دیا۔

عدالت نے ریمارکس دئیے کہ پرویزالٰہی کے خلاف کرپشن کے کوئی شواہد نہیں ملے،پرویز الہی کسی اور مقدمہ میں مطلوب نہیں تو رہا کر دیا جائے۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز اینٹی کرپشن پنجاب کی ٹیم نے لاہور پولیس کی مدد سے مختلف ترقیاتی منصوبوں میں کرپشن کے الزام میں پرویز الٰہی کو اس وقت گرفتار کیا، جب وہ لاہور میں اپنی رہائش گاہ سے کہیں جانے کے لیے نکل کر ابھی چوہدری ظہور الٰہی روڈ پر آئے تھے۔

close