لاہور / راولپنڈی: غیرقانونی طریقے سے لیبیا پہنچنے والے 177 پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کرکے خصوصی طیارے کے ذریعے پاکستان واپس منتقل کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق یورپ جانے کی خواہش میں یہ افراد ڈنکی کے راستے مختلف ممالک سے ہوتے ہوئے لیبیا پہنچے تھے۔ تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ بیشتر افراد ایران اور سعودی عرب کے راستے لیبیا داخل ہوئے۔
حکام کے مطابق واپس لائے گئے افراد میں 59 کا تعلق لاہور، 58 کا گجرات، 26 کا راولپنڈی اور 23 افراد کا تعلق گوجرانوالہ سے ہے، جبکہ 10 افراد سیالکوٹ اور ایک اسلام آباد کا رہائشی بتایا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ان افراد کو بیرون ملک بھجوانے میں ملوث ایجنٹس کے نام ریڈ بک میں شامل کر لیے گئے ہیں جبکہ انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ریڈار پر آ گئے ہیں۔
تمام ڈی پورٹ کیے گئے افراد کو ابتدائی کارروائی کیلئے ایف آئی اے کے اینٹی ہیومن اسمگلنگ سیل منتقل کر دیا گیا ہے، بعد ازاں انہیں متعلقہ ایف آئی اے زونز کے حوالے کیا جائے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






