آخری سانس تک مزاحمت کروں گا، جنگل راج کے راستے میں صرف عدلیہ کھڑی ہے، عمران خان کا شاہ محمود قریشی کی گرفتاری پر شدید احتجاج

اسلام آباد ( آئی این پی ) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی عدالت سے ضمانت منظور ی کے باجود دوبارہ گرفتاری پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اب ملک میں صرف جنگل راج ہے، جس کی لاٹھی اس کی بھینس ہے، جنگل راج کے راستے میں صرف عدلیہ کھڑی ہے اس وقت عدلیہ کے فیصلے اور آئین بری طرح روندے جارہے ہیں، اس یزیدیت کے سامنے جھکنے کا مطلب ہماری قوم کی موت ہے، میں آخری سانس تک مزاحمت کروں گا۔

پیر کو وائس چیئرمین پاکستان تحریک انصاف شاہ محمود قریشی کی عدالت سے ضمانت منظور ی کے باجود دوبارہ گرفتاری پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ شاہ محمود قریشی کو تحریک انصاف کے حامیوں اور کارکنان کی طرح دوبارہ گرفتار کر لیا گیا، اب ملک صرف جنگل راج ہے، جس کی لاٹھی اس کی بھینس ہے، جنگل راج کے راستے میں صرف عدلیہ کھڑی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہمارے رہنما ئوں کو پارٹی چھوڑنے پر مجبور کیا جارہا ہے، تحریک انصاف کو کچلنے کے لئے پولیس کا استعمال کیا جا رہا ہے، سوشل میڈیا ایکٹوسٹ کو ڈرایا جارہا ہے، جبکہ میڈیامکمل طور پر خاموش کرا دیا گیا، بنیادی حقوق مکمل غصب ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ کارکنان کو سخت گرمی میں چھوٹے چھوٹے سیلز میں رکھا گیا، ہمارے کارکنوں پر حراست میں تشدد کیا گیا، عدالتی احکامات کے باوجود عمران ریاض کو عدالت پیش نہیں کیا گیا۔ چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہاس وقت عدلیہ کے فیصلے اور آئین بری طرح روندے جارہے ہیں، اس یزیدیت کے سامنے جھکنے کا مطلب ہماری قوم کی موت ہے، میں آخری سانس تک مزاحمت کروں گا۔۔۔۔

close