نواز شریف کوپاکستان واپس لانے کے لیے پی ٹی آئی نے عدالت سے رجوع کرنے کا اعلان کر دیا

اسلام آباد (پی این آئی) سابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے مسلم لیگ ن کے قائد سابق وزیر اعظم نواز شریف کی پاکستان واپسی کے لیے عدالت سے رجوع کرنے کا اشارہ دیا ہے۔عرب اخبار کو دیے گئے انٹرویو میں فواد چوہدری نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کی اس وقت جو سیاسی پوزیشن ہے، میرے خیال میں تمام سیاسی جماعتیں اگر بیٹھ کر خود آپس میں بات کرلیں تو بہتر ہے۔اگر سیاسی جماعتیں ایسا نہیں کرتیں تو اسٹیبلشمنٹ کو کرنا چاہیے لیکن آئیڈیل حالات سیاسی جماعتوں کا آپس میں ہی فریم ورک ترتیب دینا ہے۔

انھوں نے کہا کہ اب یہ شہباز شریف پر منحصر ہے کیونکہ اس وقت وہ وزیراعظم ہیں، ان کا کام ہے کہ وہ انتخابات کا اعلان کریں اور سیاسی جماعتوں کو بیٹھنے کی دعوت دیں تو ظاہر ہے بات چیت شروع ہو جائے گی۔فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اس وقت صورتحال یہ ہے کہ پی ٹی آئی کی 2 صوبوں میں اپنی حکومت ہے، بلوچستان میں اتحادی حکومت ہے اور سندھ میں پی پی کی حکومت ہے، اگر آپ نے چاروں صوبائی اسمبلیوں کو تحلیل کرنا ہے تو بھی آپ کو فریم ورک ترتیب دینا ہوگا وہ تو پھر بات چیت سے ہی ممکن ہے۔

فوا د چوہدری نے کہاکہ نواز شریف کی وطن واپسی کے لیے ہم عدالت سے رجوع کریں گے اور جو جعلی حلف نامہ شہباز شریف کی جانب سے جمع کروایا گیا ہم اس پر بھی کارروائی کے لیے کہہ سکتے ہیں کیوں کہ یہ ایک جرم ہے۔۔۔۔

close