وزیر اعلیٰ پنجاب کا انتخاب، پی ٹی آئی، ق لیگ کا 186 ارکان پورے کرنے کا دعویٰ

لاہور(آئی این پی)نئے وزیراعلی پنجاب کا انتخاب آج جمعہ کو ہوگا، چیئرمین عمران خان کے زیر صدارت تحریک انصاف ((پی ٹی آئی) اور ق لیگ کی پارلیمانی پارٹی کا مشترکہ اجلاس ہوا، جس میں 186 ارکان پورے کرلئے گئے۔پنجاب کی وزارت اعلیٰ کے معاملے پر سیاسی ہلچل عروج پر پہنچ گئی، ن لیگ اور اتحادی ارکان کا ہوٹل میں پڑائو، بلاول ہائوس میں پیپلز پارٹی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں آصف زرداری نے تمام ارکان کو اسمبلی میں حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کردی، سیاسی مخالفین نے ایک دوسرے پر سبقت کے دعوے بھی کردیئے۔

جمعرات کو پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان جولاہور کے دورے پر ہیں ، ان کے زیر صدارت پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں پی ٹی آئی اور ق لیگ نے 186 ارکان پورے کرلئے، ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی اجلاس میں شریک نہیں ہوئے۔اس موقع پر فواد چودھری نے 186 ارکان پورے ہونے کا دعویٰ بھی کیا۔ قبل ازیں سابق وفاقی وزیر مونس الہٰی نے کہا تھا کہ حکومتی گیم ختم ہوچکی ہے، ہمارے نمبرز مطلوبہ تعداد سے زیادہ ہیں، اب یہ لالچ دیں یا جو مرضی کرلیں فرق نہیں پڑتا، شہباز شریف کا جس ادارے یا شخصیت نے ساتھ دیا انہوں نے اس کا بیڑہ غرق کیا۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن صوبائی اسمبلی رفاقت گیلانی نے دعوی نے 1 ارب 10 کروڑ روپے کی پیشکش کا دعویٰ کردیا۔رفاقت گیلانی نے دعوی کیا کہ کل ایک ارب روپے کی آفر ہوئی تھی، آج ایک ارب 10 کروڑ کی پیشکش دی جا رہی ہے، کہا گیا پانچ ارکان لے آئیں اور پانچ ارب لے لیں۔رکن پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ ہم عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں، تحریک انصاف کے امیدوار چودھری پرویز الہی کو وزیر اعلی منتخب کریں گے۔۔۔۔

close