تبلیغی جماعت کے ایک سال تک تمام چِلّے مری میں لگوائے جائیں، معروف کالم نگار نے مطالبہ کرتے ہوئے وجہ بھی بتا دی

اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے حامی کالم نگار انور لودھی نے مطالبہ کیا ہے کہ تبلیغی جماعت کے ایک سال تک تمام چِلّے مری میں لگوائے جائیں۔ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں انور لودھی نے کہا ” تبلیغی جماعت والوں سے گزارش ہے کہ وہ باقی پاکستان کو چھوڑ کر ایک سال صرف مری میں چِلّے لگائیں۔

گھر گھر جا کر وہاں کے باسیوں، دکانداروں، ٹرانسپورٹرز اور ہوٹل مالکان کو سمجھائیں کہ مال و دولت سے زیادہ انسانی زندگیاں اہم ہوتی ہیں، انہیں بتائیں کہ پیسے پر اخلاقی اقدار کو ترجیح ملنی چاہیے۔”خیال رہے کہ 8 جنوری کو آنے والے برفانی طوفان کے باعث مری میں 22 سیاح جان کی بازی ہار گئے تھے۔ بعد ازاں یہ انکشاف ہوا کہ مری کے ہوٹل مالکان اور بعض موقع پرستوں نے انتہائی سنگدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کمرے کا ایک رات کا کرایہ 20 سے 50 ہزار روپے، انڈے کا ریٹ 500 روپے جب کہ گاڑی کو دھکا لگانے کے تین سے پانچ ہزار روپے تک وصول کرنا شروع کردیے تھے ۔

close