پیسہ دے رہا ہے اس سے پیسہ لو اور ووٹ پیپلز پارٹی کو دو، بلاول بھٹو کا الیکشن کے حوالے سے انوکھا مشورہ

گلگت (پی این آئی) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے گلگت کے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو پیسہ دے رہا ہے اس سے پیسہ لو اور ووٹ پیپلز پارٹی کو دو۔ گلگت میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ ہماری انتخابی مہم دیکھ کر دوسری پارٹیوں کو بھی خیال آیا کہ گلگت میں

بھی انتخابات ہو رہے ہیں، اور وہاں بھی عوام رہتی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ سنا ہے کوئی وفاقی وزیر گلگت کے عوام کو خریدنے آیا ہے ، وہ پیسے سے گلگت کے بہادر اور غیور عوام کو نہیں خرید سکتے ، گلگت کے عوام غیرت مند لوگ ہیں ، وہ کسی سے پیسہ لیکر اپنا ضمیر نہیں بیچیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ گلگت کے عوام سے کہتا ہوں، آپ کو کوئی پیسہ دے تو انکار نہ کرو ، ان سے پیسہ لو اور پیپلز پارٹی کو ووٹ دو ۔یہ لوگ دھاندلی کے ماہر ہیں اس لیے انہوں نے گلگت بلتستان میں دھاندلی کے منصوبے پر کام شروع کردیا ہے ۔لیکن گلگت بلتستان میں ہم ان کی کٹھ پتلی حکومت نہیں بننے دیں گے ۔ میں آپ سے وعدہ کرتا ہوں کہ جنوری تک اسلام آباد پہنچیں گے اور اس کٹھ پتلی ، سیلیکٹڈ اور نااہل حکومت کو گھر بھیجیں گے۔ واضح رہے کہ گلگت بلتستان کے انتخابات سے قبل مبینہ دھندلی کیخلاف قرارداد پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کر ادی گئی ہے ۔ قرارداد میں کہا گیا کہ وفاقی وزیر گلگت بلتستان کے مسلسل دورے کر کے متفقہ ضابطہ اخلاق کی دھجیاں اڑا رہے ہیں،حکومتی وزراء گلگت بلتستان انتخابات پر اثر انداز ہونے کی کوشش کررہے ہیں،حکومتی وزراء کا گلگت بلتستان میں داخلہ فوری بند کیا جائے،چیف جسٹس اور چیف الیکشن کمیشن سے مطالبہ ہے کہ گلگت بلتستان انتخابات سے قبل مبینہ دھاندلیوں پر نوٹس لیا جائے۔یاد رہے کہ پی ٹی آئی رہنما علی امین گنڈاپور اس وقت گلگت بلتستان میں تحریک انصاف کی انتخابی مہم چلا رہے ہیں۔

close