//

میرپور ڈویژن میں انتخابات 2026 کے تمام انتظامات مکمل، 18,560 سکیورٹی اہلکار اور 2,316 پولنگ اسٹیشنز تیار

میرپور: چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل کی زیر صدارت عام انتخابات 2026 کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری الیکشن کمیشن راجہ محمد شکیل خان، ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر میرپور جہانگیر احمد جرال، ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر کوٹلی محمد ادریس بھٹی، ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر بھمبر حافظ سردار محمد اکرم خان، ریٹرننگ افسران، کمشنر میرپور ڈویژن راجہ طاہر ممتاز خان، ڈی آئی جی پولیس کامران علی سمیت ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران نے اپنے اپنے اضلاع میں انتخابی انتظامات پر بریفنگ دی، جبکہ کمشنر میرپور ڈویژن نے بتایا کہ 27 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات کے لیے میرپور ڈویژن کے تینوں اضلاع میں تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

کمشنر راجہ طاہر ممتاز خان نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ میرپور ڈویژن میں مجموعی طور پر *14 لاکھ 437 رجسٹرڈ ووٹرز* ہیں، جن میں *7 لاکھ 24 ہزار 811 مرد* اور *6 لاکھ 75 ہزار 626 خواتین ووٹرز* شامل ہیں۔ انتخابات کے لیے *2,316 پولنگ اسٹیشنز* قائم کیے گئے ہیں، جن میں *1,241 انتہائی حساس، 724 حساس اور 351 نارمل پولنگ اسٹیشنز* شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حلقہ *LA-3 میرپور سٹی* میں سب سے زیادہ *34 امیدوار* مدمقابل ہیں، جبکہ میرپور ڈویژن کے *13 حلقوں* میں مجموعی طور پر *288 امیدوار* انتخابی میدان میں ہیں۔ انتخابی انتظامات اور سکیورٹی کی نگرانی کے لیے *13 زونز* اور *205 سیکٹرز* قائم کیے گئے ہیں اور حساس و انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر خصوصی سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔

ڈی آئی جی میرپور ڈویژن کامران علی نے اجلاس کو بتایا کہ انتخابات کے دوران پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے *18 ہزار 560 اہلکار* تعینات کیے جائیں گے، جن میں ضلع میرپور کے لیے *5,536، ضلع بھمبر کے لیے **4,504* اور ضلع کوٹلی کے لیے *8,520 اہلکار* شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کے لیے *تین سطحی سکیورٹی نظام* تشکیل دیا گیا ہے، جس کے تحت پولیس فرسٹ ٹئیر، سول آرمڈ فورسز سیکنڈ ٹئیر اور پاک فوج تھرڈ ٹئیر کے طور پر فرائض انجام دے گی۔ سیکنڈ ٹئیر میں پاکستان رینجرز (پنجاب)، پاکستان رینجرز (سندھ) اور فیڈرل کانسٹیبلری کے اہلکار شامل ہوں گے، جبکہ پاک فوج کے *2,100 جوان* بھی انتخابی سکیورٹی پر مامور ہوں گے۔ اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ *27 جولائی* کو تمام سکیورٹی فورسز مربوط سکیورٹی پلان کے تحت پرامن، شفاف اور منظم انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائیں گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close