میرپور (آئی این پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے آزاد کشمیر کے شہر میرپور کے لیے 10 الیکٹرک بسوں کا تحفہ دینے اور انٹرنیشنل ایئرپورٹ بنانے کا وعدہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی کامیابی کے بعد آزاد کشمیر میں ترقی اور عوامی فلاح کے نئے منصوبے شروع کیے جائیں گے۔
میرپور میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ میرپور کے عوام کا جوش و خروش اس بات کا ثبوت ہے کہ مسلم لیگ (ن) کو بھرپور عوامی حمایت حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ مظفرآباد میں ہزاروں افراد نے بارش کے باوجود نواز شریف کا خطاب سنا، جبکہ میرپور میں شدید گرمی کے باوجود عوام کی بڑی تعداد جلسے میں شریک ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ مخالفین کی پریشانی اس بات کی علامت ہے کہ مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر میں عوام کی حمایت سے کامیابی کی جانب بڑھ رہی ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ ان کے دادا، دادی، نانا اور نانی کشمیری تھے، اسی لیے وہ خود کو دل اور روح سے کشمیری سمجھتی ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ میرپور میں خوبصورت گھر تو موجود ہیں، مگر کئی علاقوں میں بنیادی انفراسٹرکچر، خصوصاً سڑکوں کی حالت بہتر نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس شہر نے ملک کو روشنی دی، اب وقت آ گیا ہے کہ میرپور بھی ترقی اور خوشحالی کی نئی منزلیں طے کرے۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر قدرتی وسائل اور سیاحتی امکانات سے مالا مال ہے، اگر اچھی حکومت ملے تو ہر گھر خوشحال، ہر سڑک تعمیر، ہر بچے کو معیاری تعلیم اور ہر شہری کو بہتر طبی سہولیات فراہم کی جا سکتی ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف نے میرپور میں انٹرنیشنل ایئرپورٹ بنانے کا وعدہ کیا ہے اور وہ اپنے وعدے ہمیشہ پورے کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں ترقیاتی منصوبوں، جدید ہسپتالوں، گرین بس، مفت ادویات، راشن کارڈ اور ہمت کارڈ جیسی سہولتوں کی ضرورت ہے، جو مسلم لیگ (ن) ہی فراہم کر سکتی ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ نواز شریف کی حکومتوں نے آزاد کشمیر میں نمایاں ترقیاتی منصوبے مکمل کیے اور اگر ان منصوبوں کو نکال دیا جائے تو بہت کم ترقیاتی کام باقی رہ جائیں گے۔
اپنے خطاب میں انہوں نے بلاول بھٹو زرداری کا نام لیے بغیر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بعض سیاسی رہنما حکومت حاصل کرنے کے دعوے تو کرتے ہیں، لیکن عوامی مسائل کے حل کی ذمہ داری دوسروں پر ڈال دیتے ہیں۔
مریم نواز نے اعلان کیا کہ انتخابات میں کامیابی کے بعد آزاد کشمیر میں جدید سفری، طبی اور فلاحی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ میرپور کے لیے 10 الیکٹرک بسوں کا تحفہ دیا جائے گا، جبکہ پنجاب کی طرز پر عوامی فلاح کے منصوبے بھی آزاد کشمیر میں متعارف کرائے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں دو لاکھ سے زائد خاندانوں کو اپنی چھت اپنا گھر پروگرام سے فائدہ پہنچایا گیا ہے، جبکہ ہزاروں بے زمین افراد کو پانچ مرلہ اراضی بھی فراہم کی گئی ہے تاکہ وہ باعزت روزگار حاصل کر سکیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






