//

چییرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا بڑا انتخابی جلسہ، کشمیری عوام سے پیپلز پارٹی کو بھاری مینڈیٹ دینے کی اپیل

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ  کشمیری عوام کے حقوق کے تحفظ اور ان کی آواز کو مضبوط بنانے کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی کی جدوجہد ہر سطح پر جاری رہے گی۔

27 جولائی کا انتخاب کشمیری عوام کے مستقبل کا فیصلہ کرے گا، اس لیے عوام ووٹ کی طاقت سے اپنے حقوق کا تحفظ یقینی بنائیں۔بلاول۔بھٹو زرداری نے ان خیالات کا اظہار میرپور میں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوے کیا ۔انہوں  نے مسلم لیگ (ن) کی قیادت اور وفاقی وزراء کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بعض وفاقی وزراء نے یہ کہہ کر کشمیری عوام کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی کہ راولاکوٹ اور میرپور کے لوگ کشمیری نہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ مسلم لیگ (ن) کی کشمیری دشمن سوچ کی عکاسی کرتا ہے اور کشمیری عوام ایسے بیانات کا جواب بیلٹ بکس کے ذریعے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نفرت، تقسیم اور تعصب کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی بلکہ عوام کے حقوق، جمہوریت اور مساوات کی سیاست کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر کے فیصلے کشمیر کے عوام کریں گے اور پیپلز پارٹی ہر فورم پر کشمیریوں کے حقِ حاکمیت، حقِ روزگار اور حقِ ملکیت کے لیے آواز بلند کرتی رہے گی۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے پنجاب کی حکومتی کارکردگی پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ترقی کے دعوے زمینی حقائق سے مطابقت نہیں رکھتے۔ انہوں نے کہا کہ ڈڈیال آتے ہوئے پنجاب کی سڑکوں کی حالت سب نے دیکھی،ن لیگ  کی جانب سے  راجن پور، لیہ، قصور اور میانوالی سمیت دیگر علاقوں کی محرومیوں کا بھی جواب دیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اگر چار بار وزیراعظم اور متعدد بار وزیراعلیٰ رہنے کے باوجود بھی عوامی مسائل حل نہیں ہوئے تو مزید وقت مانگنے کا کوئی جواز نہیں بنتا۔انہوں نے کہا کہ ن لیگ صرف رائیونڈ کو پنجاب سمجھتی ہے وہاں کے قریبی ضلع قصور کا ہی حال دیکھ لیں دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا بلاول بھٹو زرداری نے کہا  کہ مسلم لیگ (ن) ترمیم کے ذریعے آزاد کشمیر کے وزیراعظم کے اختیارات محدود کرنا چاہتی ہے اور اس کی خواہش ہے کہ کشمیر سے متعلق فیصلے کشمیری عوام کی نمائندہ قیادت کے بجائے اسلام آباد میں ہوں، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی اس سوچ کی مخالفت کرتی ہے اور کشمیری عوام کے حقِ فیصلہ سازی پر یقین رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 27 جولائی کو میرپور ڈویژن تاریخی فیصلہ کرے گا اور جو لوگ میرپور اور راولاکوٹ کو کشمیر کا حصہ نہیں مانتے، انہیں ووٹ کی طاقت سے جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جب مسلم لیگ (ن) مشکل میں ہوتی ہے تو پاؤں پکڑتی ہے اور جب اقتدار میں ہوتی ہے تو گردن پکڑتی ہے بلاول بھٹو زرداری نے میرپور ڈویژن میں پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدواروں کے نام لیکر کہا کہ میرپور کی چاروں نشستوں پر پیپلز پارٹی کو کامیاب بنایا جائے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ چوہدری یاسر سلطان کو بھاری لیڈ سے کامیاب بنائیں تاکہ یہ پتہ چلے کہ بیرسٹر سلطان محمود کے وارث ژندہ ہیں ، چوہدری قاسم مجید، صہیب ارشد اور افسر شاہد کو بھاری اکثریت سے کامیاب کریں تاکہ عوام کی حقیقی آواز قانون ساز اسمبلی میں پہنچ سکے۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے بھی مسلم لیگ (ن) کو مسترد کر دیا ہے اور اب آزاد کشمیر کے عوام بھی اپنے ووٹ سے فیصلہ کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہی عوام کے حقوق کی حقیقی محافظ ہے اور دو تہائی اکثریت ملنے کی صورت میں کشمیری عوام کے حقِ حاکمیت، حقِ روزگار اور حقِ ملکیت کے ایجنڈے کو عملی جامہ پہنایا جائے گا۔جلسے کے اختتام پر  بلاول بھٹو زرداری نے جئیے بھٹو کے نعرے لگوائے ۔اس سے پہلے جب بلاول بھٹو زرداری خطاب کیلیے آئے تو جلسہ گاہ میں موجود عوام نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور فضاء جئیے بلاول اور وزیراعظم بلاول کے نعروں سے گونج اٹھی۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close