بریگیڈیئر (ر) پروفیسر ڈاکٹر محمد خان کا مسلم لیگ (ن) چھوڑنے کا اعلان

باغ: آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات سے قبل پاکستان مسلم لیگ (ن) میں انتخابی ٹکٹوں کی تقسیم پر اختلافات شدت اختیار کر گئے ہیں۔ حلقہ ایل اے 15 وسطی باغ سے پارٹی ٹکٹ نہ ملنے پر بریگیڈیئر (ر) پروفیسر ڈاکٹر محمد خان نے مسلم لیگ (ن) چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔

بریگیڈیئر (ر) پروفیسر ڈاکٹر محمد خان نے پارٹی کی بنیادی رکنیت سے فوری استعفیٰ دیتے ہوئے اپنا استعفیٰ آزاد کشمیر مسلم لیگ (ن) کے صدر شاہ غلام قادر کو ارسال کر دیا۔

اپنے استعفے میں انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ پارٹی قیادت نے میرٹ کے برعکس فیصلہ کیا، جس سے ہزاروں کارکن مایوس ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ حلقہ ایل اے 15 باغ سے عوامی حمایت کے باوجود انہیں پارٹی ٹکٹ نہیں دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ’’ووٹ کو عزت دو‘‘ کے نعرے کے برعکس کیے گئے فیصلے نے کارکنوں کے اعتماد کو ٹھیس پہنچائی ہے، جبکہ پارٹی نے میرٹ، شفافیت اور جمہوری اصولوں سے انحراف کیا ہے۔ ان کے مطابق ناانصافی اور میرٹ کی پامالی کے باعث انہیں پارٹی چھوڑنے کا مشکل فیصلہ کرنا پڑا، تاہم انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ بریگیڈیئر (ر) پروفیسر ڈاکٹر محمد خان کے ہمراہ مسلم لیگ (ن) باغ کے درجنوں مرکزی عہدیدار اور رہنما بھی جلد ایک نئی سیاسی جماعت میں شمولیت اختیار کریں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close