گلگت بلتستان میں پیپلز پارٹی کی کامیابی عوامی اعتماد اور جمہوری اقدار کی فتح ہے: فیصل ممتاز راٹھور

مظفرآباد: وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر چوہدری فیصل ممتاز راٹھور نے گلگت بلتستان میں پاکستان پیپلز پارٹی کی شاندار انتخابی کامیابی پر صدر پاکستان آصف علی زرداری، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، آصفہ بھٹو زرداری، فریال تالپور اور پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے صدر امجد حسین ایڈووکیٹ سمیت تمام پارٹی قیادت، کارکنان اور عوام کو مبارکباد پیش کی ہے۔

اپنے تہنیتی پیغام میں وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے پاکستان پیپلز پارٹی پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے جمہوریت، ترقی اور عوامی خدمت کے حق میں فیصلہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری کی متحرک انتخابی مہم، پارٹی کارکنان کی انتھک محنت اور عوامی اعتماد اس کامیابی کی بنیادی وجوہات ہیں۔

فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ یہ کامیابی عوامی حقوق، بہتر طرز حکمرانی، ترقیاتی وژن اور جمہوری اقدار کی فتح ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ محروم طبقات اور دور افتادہ علاقوں کے عوام کی آواز بلند کی ہے اور یہی عوام دوست سیاست آج اس کامیابی کی صورت میں سامنے آئی ہے۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے گلگت بلتستان کے باشعور عوام کو خصوصی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نئی منتخب قیادت خطے کی ترقی، خوشحالی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے اہم کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کے درمیان بھائی چارے، باہمی تعاون اور مشترکہ ترقی کے رشتے مزید مضبوط ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی یہ کامیابی جمہوری عمل کے استحکام اور عوامی طاقت کے مؤثر اظہار کی عکاس ہے۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ گلگت بلتستان کے عوام کو امن، ترقی اور خوشحالی سے نوازے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close