بینک صارفین کی تو لاٹری نکل آئی! اب کون سی جدید اور عالمی سہولیات ملنے والی ہیں؟

مظفرآباد: بینک آف آزاد جموں و کشمیر نے اپنی تاریخ کے ایک اہم سنگ میل کو عبور کرتے ہوئے شیڈولڈ بینک کا درجہ حاصل کرنے کے لیے سٹیٹ بینک آف پاکستان کو باقاعدہ درخواست جمع کرا دی ہے۔

وزیر خزانہ آزاد جموں و کشمیر اور چیئرمین اے جے کے بینک چوہدری قاسم مجید نے اس پیش رفت کو بینک کے 20 سالہ شاندار سفر کا اہم ترین مرحلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ شیڈولڈ بینک کے درجے کے لیے درخواست جمع کرانا ادارے کی ترقی اور استحکام کی جانب ایک بڑی کامیابی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ پیش رفت بینک کی مضبوط مالی پوزیشن، مؤثر حکمت عملی اور ریگولیٹری تقاضوں کی تکمیل کا نتیجہ ہے۔ چوہدری قاسم مجید کے مطابق شیڈولڈ بینک کا درجہ ملنے کے بعد بینک اپنی خدمات کا دائرہ پاکستان بھر سمیت بین الاقوامی سطح تک وسعت دینے کے قابل ہو جائے گا، جس سے صارفین کو مزید بہتر اور جدید بینکاری سہولیات میسر آئیں گی۔

چیئرمین بینک نے اس موقع پر وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور کی سرپرستی اور چیف سیکرٹری کی رہنمائی کو اس کامیابی میں اہم قرار دیا۔ انہوں نے بینک کے صدر شاہد میر اور تمام ملازمین کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور محنت کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی کاوشوں کے باعث بینک مسلسل ترقی کی منازل طے کر رہا ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ شیڈولڈ بینک کا درجہ حاصل ہونے کے بعد بینک آف آزاد جموں و کشمیر خطے کی معاشی ترقی اور مالیاتی شعبے میں مزید مؤثر کردار ادا کرے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close