*مظفرآباد (پی آئی ڈی )16مئی 2026
آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن کے پاس پاکستان تحریک انصاف آزاد جموں و کشمیر (PTI) کی جانب سے رجسٹریشن کے لیے معزز عدالت العالیہ کے فیصلہ بعنوانی ” وحید اشرف و غیره بنام الیکشن کمیشن و غیره” منفصلہ05.10.2023 اور الیکشن قوانین کی روشنی میں درخواست موصول ہوئی ۔ درخواست کی جانچ پڑتال کے سلسلے میں الیکشن کمیشن نے متعلقہ قوانین و قواعد کے مطابق سیاسی جماعتوں کے اکاؤنٹس کے آڈٹ کے لئے آڈٹ افسر مقرر کیا تا کہ جمع کرائے گئے اکاؤنٹس اور مالیاتی دستاویزات کا جائزہ لیا جا سکے ۔ آڈٹ افسر نے اپنی رپورٹ میں نشاندہی کی کہ درخواست گزار جماعت کی جانب سے مالیاتی امور اور اکاؤنٹس کی تفصیلات میں الیکشن رولز کے رول 121 کی خلاف ورزی پائی گئی ہے۔ مذکورہ اعتراضات کی روشنی میں الیکشن کمیشن نے PTI کی استدعا پر معاملہ دوبارہ جائزہ کے لئے آڈٹ آفیسر کو بھیجوایا، از سر نو جانچ پڑتال کے بعد آڈٹ آفیسر نے دوبارہ اپنی رپورٹ میں رول 121 کی خلاف ورزی اور اکاؤنٹس سے متعلق اعتراضات بر قرار رکھے ۔ بعد ازاں الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف آزاد جموں و کشمیر کے نمائندوں اور ان کے وکلاء کو ذاتی سماعت کا مکمل موقع فراہم کیا۔فریقین کے دلائل اور دستیاب ریکارڈ کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد الیکشن کمیشن اس نتیجے پر پہنچا کہ درخواست گزار جماعت رول 121 کے تقاضوں کو پورا کرنے میں ناکام رہی ہے۔ چنانچہ قواعد کی خلاف ورزی اور اکاؤنٹس سے متعلق قانونی تقاضے پورے نہ ہونے کی بنیاد پر الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف کی رجسٹریشن کی درخواست مسترد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن اس امر کا اعادہ کرتا ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن اور نگرانی آئین و قانون کے مطابق ، شفافیت اور مساویانہ اصولوں کی بنیاد پر عمل میں لائی جاتی ہے۔*
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






