آزاد کشمیر میں بینظیر پروگرام سے متعلق بڑا فیصلہ، ہزاروں خواتین کیلئے اہم خبر

مظفرآباد (پی آئی ڈی )14 مئی 2026
ڈائریکٹر اطلاعات آزادکشمیر طارق جمیل درانی نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام مظفرآباد کے مرکزی دفتر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ڈائریکٹر جنرل بسپ آزادکشمیر ریجن ڈاکٹر عبدالعزیز قریشی سے اہم ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران بینظیر کفالت پروگرام، این ایس ای آر سروے، والٹ اکاؤنٹس کی تکمیل اور مستحق خواتین کو مالی معاونت کی بروقت فراہمی سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر عام آدمی تک درست معلومات کی آسان رسائی، بسپ بینفشریز تک عوامی آگائی کے محکمانہ پیغامات کی مؤثر ترسیل اور آزادکشمیر میں محکمہ اطلاعات کے تعاون سے عوامی آگاہی کے نظام کو مزید فعال بنانے پر بھی گفتگو ہوئی۔ دونوں حکام نے اس امر پر اتفاق کیا کہ مستند اور بروقت معلومات ہی بسپ بینفشریز کو فیک نیوز، گمراہ کن افواہوں اور مالی استحصال کرنے والے عناصر سے محفوظ رکھنے میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہیں۔ملاقات کے دوران ڈائریکٹر جنرل بسپ آزادکشمیر نے بتایا کہ ہیڈکوارٹر اسلام آباد کی جانب سے جاری خصوصی ہدایات کے تحت آزاد جموں و کشمیر کے تمام اضلاع میں جاری بینظیر این ایس ای آر سروےکو عارضی طور پر تین ہفتوں کے لیے معطل کر دیا گیا ہے تاکہ متعلقہ سٹاف اپنی تمام تر توجہ بینظیر والٹ اکاؤنٹس کی بروقت تکمیل پر مرکوز کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد مستحق خواتین کو آئندہ سہ ماہی قسط میں بینظیر کفالت رقوم کی ادائیگی ایک جدید، محفوظ اور شفاف نظام کے تحت یقینی بنانا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ آزادکشمیر بھر میں رجسٹرڈپونے دو لاکھبینفشریز میں سے اب تک ایک لاکھ پچیس ہزارخواتین بینفشریز بینظیر والٹ سمز وصول کر چکی ہیں، جبکہ باقی ماندہ پچاس ہزار خواتین کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ جلد از جلد متعلقہ مراکز سے اپنی والٹ سمز حاصل کریں تاکہ آنے والی قسط کی ادائیگی بغیر کسی رکاوٹ کے ممکن بنائی جا سکے۔ڈائریکٹر جنرل بسپ نے واضح کیا کہ سروے کی عارضی معطلی صرف انتظامی اور عوامی سہولت کے پیش نظر کی گئی ہے، جبکہ مستحق خواتین کی مالی معاونت کا عمل معمول کے مطابق جاری رہے گا۔ انہوں نے عوام الناس، بالخصوص خواتین سے اپیل کی کہ سروے کے دوبارہ آغاز تک غیر ضروری طور پر بسپ دفاتر کا رخ نہ کریں تاکہ وہ طویل سفری مشقت، اضافی اخراجات اور غیر ضروری انتظار کی زحمت سے محفوظ رہ سکیں۔اس موقع پر ڈائریکٹر انفارمیشن طارق جمیل درانی نے کہا کہ ریاستی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام تک بروقت، درست اور مستند معلومات پہنچائیں تاکہ افواہوں اور غیر مصدقہ اطلاعات کی حوصلہ شکنی ہو سکے۔ انہوں نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی جانب سے خواتین کی مالی شمولیت اور ڈیجیٹل نظام کی بہتری کے اقدامات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات نہ صرف شفافیت کو فروغ دیں گے بلکہ مستحق خاندانوں کے اعتماد کو بھی مزید مضبوط بنائیں گے۔ملاقات کے اختتام پر دونوں اداروں کے سربراہان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ آزاد جموں و کشمیر میں مستحق خواتین کو سہولیات کی فراہمی، شفاف نظامِ ادائیگی اور عوامی آگاہی کے عمل کو مزید مؤثر اور مربوط بنایا جائے گا تاکہ ریاست کے دور افتادہ علاقوں تک بھی حکومتی سہولیات باوقار انداز میں پہنچ سکیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close