پاک افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کو خراجِ تحسین، تقریب میں جذباتی لمحات

مظفرآباد (پی آئی ڈی) 8 مئی 2026
کشمیر انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ میں معرکہ حق بنیان مرصوص میں پاکستان کی شاندار فتح کی پہلی سالگرہ کے موقع پر ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ گیارہویں مڈ کیریئر مینجمنٹ کورس کی ثقافتی کمیٹی کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب میں پاکستانی عوام، مسلح افواج پاکستان، شہداء اور غازیوں کی لازوال قربانیوں کو بھرپور انداز میں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی سیکٹر کمانڈر آئی ایس پی آر آزاد کشمیر و گلگت بلتستان بریگیڈیئر طارق سہیل تھے جبکہ ڈائریکٹر جنرل کشمیر انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ ڈاکٹر مقیم الاسلام نے تقریب کی صدارت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی بریگیڈیئر طارق سہیل نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاک افواج کی پیشہ ورانہ مہارت، قربانیوں اور مادر وطن کے دفاع کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔ ڈائر یکٹر جنرل کشمیر انسٹیٹوٹ آف مینجمنٹ ڈاکٹر مقیم الاسلام نے کہا کہ آپریشن بنیان المرصوص نہ صرف ایک عسکری کامیابی بلکہ قومی اتحاد، استقامت اور باوقار امن سے وابستگی کی روشن علامت ہے جبکہ اس کامیابی کی سالگرہ کی تقریبات پاکستانی قوم کے جذبہ حب الوطنی، قومی یکجہتی اور شہداء سے وابستگی کا اظہار ہیں۔ سابق سفیر محمد ایوب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے نہایت متوازن، ذمہ دارانہ اور دانشمندانہ طرز عمل کا مظاہرہ کیا۔ سابق سفیر ڈاکٹر محمد خالد اعجاز نے آپریشن بنیان مرصوص کو پاکستان کی خودمختاری، قومی وقار اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے عزم کی علامت قرار دیا۔ تقریب کی نظامت کے فرائض عبدالغفار قریشی نے انجام دیے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close