کشمیری نوجوان دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں: فیصل ممتاز راٹھور

مظفرآباد:  وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ آزاد کشمیر میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، تاہم نوجوانوں میں آگاہی کا فقدان ایک بڑا چیلنج ہے جسے دور کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، آزاد کشمیر کی 64 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے اور اگر اس بڑی افرادی قوت کو درست سمت اور مؤثر رہنمائی فراہم کی جائے تو یہ خطہ ترقی اور کامیابی کی نئی مثالیں قائم کر سکتا ہے، کشمیری نوجوان اپنی صلاحیتوں کے بل بوتے پر پاکستان بھر میں نمایاں اور اعلیٰ عہدوں پر فائز ہیں جو ان کی قابلیت کا واضح ثبوت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ سپورٹس، یوتھ اینڈ کلچر کے زیر اہتمام کشمیر انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ میں منعقدہ دو روزہ یوتھ لیڈرشپ ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر وزیر خزانہ و ان لینڈ ریونیو چوہدری قاسم مجید، مشیر سپورٹس و امور نوجوانان سردار احمد صغیر، سیکرٹری سپورٹس، یوتھ اینڈ کلچر انصر یعقوب اور ترجمان وزیر اعظم آزاد کشمیر شوکت جاوید میر بھی موجود تھے۔ وزیراعظم آزادکشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے اپنے خطاب میں کہا کہ نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ نئی ٹیکنالوجی سے استفادہ حاصل کریں۔ آج کل یونیورسٹی آپ کے ہاتھ میں ہے۔ ایک کلک سے آپ دنیا کی ہر معلومات حاصل کر سکتے ہیں، جو پہلے ممکن نہیں تھا۔ وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے نوجوانوں کو ہدایت کی کہ زندگی میں کوئی بھی کامیابی اچانک نہیں ملتی۔ میری کامیابی کے پیچھے بھی زندگی کا ایک تسلسل اور تلخ سفر موجود ہے جس میں محنت، جدوجہد اور بڑے فیصلے شامل ہیں۔ وزیراعظم نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنے آپ کو منفی رجحانات سے دور رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں سب سے آسان کام اپنی ناکامی کا ذمہ دار کسی دوسرے کو ٹھہرانا ہے۔ ہمیں روایتی سوچ سے باہر نکلنا ہوگا اور اپنی ناکامیوں کا ذمہ دار دوسروں کو ٹھہرانے کے بجائے خود ذمہ داری قبول کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ زندگی میں کامیاب ہونے کے لیے ہمیں ایک success story درکار ہوتی ہے جس سے ہم موٹیویشن حاصل کرتے ہیں۔ نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ اپنی زندگی کی کہانی کو بہتر بنانے کے لیے محنت کریں اور اپنی کامیابی اور ناکامی کی ذمہ داری خود قبول کریں۔ حکومتوں کا کام وسائل، تربیت اور تعلیم فراہم کرنا ہوتا ہے، جبکہ محنت کرنا نوجوانوں کی ذمہ داری ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے معاشرے کی سب سے بڑی کمزوری یہ ہے کہ ہم دوسروں کے عیب تلاش کرتے رہتے ہیں۔ ہمیں چاہیے کہ ججمنٹل رویہ اختیار کیے بغیر اپنی خود احتسابی کریں، اپنے آپ سے مقابلہ کریں اور اپنے عیب تلاش کریں۔انہوں نے نوجوانوں سے کہا کہ آپ اپنی کامیابی کے ضامن خود ہیں۔ آپ کے کیے گئے فیصلے ہی آپ کو کامیاب بناتے ہیں۔ بیرون ملک اور ہمارے ملک میں صرف تربیت کا فرق ہے۔ کشمیریوں میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں، یہی وجہ ہے کہ وہ پوری دنیا میں نمایاں ہیں اور لارڈ میئر اور ممبر پارلیمنٹ جیسے عہدوں پر فائز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ ہمارے یوتھ ایڈوائزر بھی آپ ہی میں سے ہیں اور آپ ہی کی طرح نوجوان ہیں۔انہوں نے خطاب میں جاب فیسٹیول کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیسٹیول نوجوانوں کے مستقبل کے لیے مددگار ثابت ہوگا۔ اس سے نوجوانوں کو سکلز ڈویلپمنٹ، کیریئر کونسلنگ اور آگاہی مہمات میں مدد ملے گی۔وزیراعظم راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ ہمیں اپنے ایجوکیشن سسٹم کو بہتر بنانا ہوگا۔ ہمارے تعلیمی نظام کا سب سے بڑا کمزور پہلو یہ ہے کہ ہم اپنے بچوں کو ان کے نمبروں کی بنیاد پر جانچتے ہیں، جبکہ یہ نظام اب دنیا میں کہیں رائج نہیں رہا۔ حکومت موجودہ تعلیمی نظام کو بہتر بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔ سکل کا کوئی نعم البدل نہیں، آج ہنرمند افراد کی کمی ہے، اس لیے ہمیں سکل ڈویلپمنٹ پر توجہ دینا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ہم نے زرعی کانفرنس کا انعقاد کیا ہے جبکہ ٹورازم اور انٹرپرینیورشپ پر بھی فوکس کیا جا رہا ہے۔ ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس ورکشاپ سے بے شمار نوجوان یوتھ لیڈرز کے طور پر ابھریں گے۔اس موقع پر سیکرٹری سپورٹس، یوتھ اینڈ کلچر و ٹورازم انصر یعقوب نے وزیراعظم کو شیلڈ پیش کی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close