راولاکوٹ: دھمنی روڈ کے سنگ بنیاد کے موقع پر عوام علاقہ کی بھرپور شرکت نے اس منصوبے کو عوامی امنگوں کی ترجمانی بنا دیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی سابق وزیر حکومت سردار عابد حسین عابد تھے، جنہوں نے باقاعدہ افتتاح کرتے ہوئے منصوبے کو علاقے کی ترقی کی جانب ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔
اس موقع پر عوام علاقہ نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “بہت ہو گیا، گزشتہ 10 سال سے استحصال برداشت کر لیا، انشاء اللّٰہ اس بار سردار عابد حسین عابد کو اسمبلی میں بھیجیں گے”، جس سے عوامی حمایت اور اعتماد کا بھرپور اظہار دیکھنے میں آیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سردار عابد حسین عابد نے عدالت عظمیٰ اور عدالت عالیہ کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اداروں کے بروقت کردار نے عوامی مسائل کے حل میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے لیے فوری طور پر فنڈز جاری کیے جائیں تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا جلد از جلد خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوامی فلاح و بہبود کو اپنی اولین ترجیح بنایا ہے اور آئندہ بھی اسی جذبے کے ساتھ خدمت کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ آنے والے انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔
تقریب سے کونسلر کارپوریشن سردار وحید خان، اسلم اعوان، ڈاکٹر خالق،سردار جاوید خان، صدر پیپلز پارٹی چک عبدالجبار، سردار ریاض، خواجہ خورشید اور خواجہ وزیر سمیت دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے اس ترقیاتی منصوبے کے آغاز کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے عدالت عالیہ، عدالت عظمیٰ اور بالخصوص سردار عابد حسین عابد کی کاوشوں کو سراہا۔
تقریب کے اختتام پر عوام نے امید ظاہر کی کہ دھمنی روڈ کی تعمیر سے علاقے میں آمد و رفت کے مسائل میں نمایاں کمی آئے گی اور ترقی کے نئے دروازے کھلیں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






