وزیر داخلہ نے آزاد کشمیر میں ایف سی تعینات کرنے کی منظوری دیدی

اسلام آباد (آئی این پی ) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے وزیراعظم آزاد کشمیر کی درخواست پر آزاد کشمیر میں فرنٹیئر کانسٹیبلری تعینات کرنے کی منظوری دیتے ہوئے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں سکیورٹی سے متعلق انتظامات کو بہتر بنایا جائے گا ، حکومت پاکستان آزاد کشمیر حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑی ہے، آزاد کشمیر کی خوشحالی اور ترقی کیلئے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔

 

 

وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق وزارت داخلہ پہنچے جہاں پر انہوں نے وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی سے ملاقات کی جس میں آزاد کشمیر میں امن وامان اور سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال،سیاسی صورتحال اور آزاد کشمیر کے نئے مالی سال کے بجٹ کے حوالے سے بات چیت کی گئی ۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے وزیراعظم آزاد کشمیر کی درخواست پر آزاد کشمیر میں فرنٹیئر کانسٹیبلری تعینات کرنے کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر میں قیام امن کیلئے ہر ممکن تعاون کریں گے،آزاد کشمیر میں سکیورٹی سے متعلق انتظامات کو بہتر بنایا جائے گا، آزاد کشمیر کے عوام سے کئے وعدے پورے کر رہے ہیں۔ محسن نقوی نے کہا کہ حکومت پاکستان آزاد کشمیر حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑی ہے، آزاد کشمیر کی خوشحالی اور ترقی کیلئے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔ اس موقع پر وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر نے مسائل کے حل کے لئے فوری اقدامات پر وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔

close