معاشی و معاشرتی ترقی کیلئے گڈگورننس ناگزیر ہے، جب عام آدمی خوشحال ہوگا تو ریاست ترقی کریگی، وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق کی وفود سے گفتگو

اسلام آباد ( پی آئی ڈی) وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ معاشی و معاشرتی ترقی کیلئے گڈگورننس ناگزیر ہے، جب عام آدمی خوشحال ہوگا تو ریاست ترقی کریگی، پہلی کوشش اور ترجیح یہی ہے کہ سسٹم کو درست کر کے اصلاحات کو نافذ کیا جائے ، سروس ڈیلیوری میں بہتری ہوگی تو حکومتی اقدامات سے عوام مستفید ہوں گے ۔غیر ترقیاتی اخراجات کو کم کرکے عوام کی صحت و تعلیم سمیت بنیادی مسائل پربھرپورتوجہ دی ہے۔اپنے اخراجات کم کرنے کا مقصد زیادہ سے زیادہ فنڈز خطہ کی ترقی اور خوشحالی پر لگیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جموں وکشمیر ہاوس میں مختلف عوامی وفود سے ملاقاتوں کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوار الحق نے کہاکہ حکومتی اداروں کی کارکردگی کو بہتر بنانا اور گڈگورننس کے نفاذ کو یقینی بنانا موجودہ حکومت کا عزم ہے۔ حکومت سنبھالنے کے بعد بھرپورکوشش کی ہے کہ لوگوں کے مسائل مقامی سطح پر حل ہوں اور انہیں آسانیاں میسر آئیں ،تمام ایم ایل ایز کو بلاتخصیص فنڈز فراہم کیے گئے ہیں تاکہ یکساں بنیادوں پر تمام علاقوں میں ترقی ہو۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کسی بھی روایت کی نہیں بلکہ آئین و قانون کی تابع ہے، ہماری حکومت روایات پر نہیں چل رہی بلکہ قاعدے قانون کے تحت نظام حکومت چل رہا ہے ۔رواں مالی سال کے بجٹ میں مختص کردہ منصوبے مکمل ہو گئے تو ریاست میں تعمیروترقی کا حقیقی معنوں میں انقلاب آئے گا۔ہماری ترجیحات لوگوں کا معیار زندگی بلند کرکے انہیں دہلیز پر سہولیات کی فراہمی اور لائن آف کنٹرول کے دوسری جانب اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں کی آواز بلند کرنا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اللہ رب العزت اور عوام کے سامنے جوابدہ ہوں ، ہماری حکومت نے چند ماہ میں جو اقدامات کیے وہ عوام کے سامنے ہیں ، جو کام بھی کیا اسکی ذمہ داری لیتا ہوں ۔۔۔

close