کشمیریوں کو حق خودارادیت دیئے بغیر جنوبی ایشیاء میں امن کا قیام ممکن نہیں، سردار عتیق احمد خان

راولپنڈی (پی این آئی) قائد آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس و سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان نے کہا ہےکہ کشمیریوں کو حق خودارادیت دیئے بغیر جنوبی ایشیاء میں امن کا قیام ممکن نہیں، عالمی طاقتوں نے اس حقیقت کا اعتراف نہ کیا تو خطہ تباہی کا شکار ہو سکتا ہے، ان خیالا ت کا اظہار انھوں نے کشمیر ہاوس میں

مسلم کانفرنس کے سینئر پارلمنٹیرین ممبر قانون ساز اسمبلی آزاد کشمیر ملک محمد نواز اور آزاد کشمیر بھر سے آئے ہوئے مسلم کانفرنسی کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انھوں نے کہا کہ کشمیری عوام آزادی کے لئے بے پناہ قربانیاں دیتی چلی آئی ہے مسئلہ کشمیر اب ایک زندہ حقیقت ہے، ہندوستان اس حقیقت سے انکار کر کے جنوبی ایشیاء کے امن کو داؤ پر لگا رہا ہے، مسلم کانفرنس نے کشمیر کی آزادی، عزت و قار پر کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کیا،ہمیشہ کشمیری پر اپنا جاندار اور واضح موقف اپنایا، مسلم کانفرنس میں سیاسی کارکنوں کو ہمیشہ عزت دی جاتی ہے، آزاد کشمیر کے عوام کنٹرول لائن پر تاریخ ساز قربانیاں پیش کررہے ہیں، ہندوستان تحریک آزادی کو دبانے میں ناکامی کے بعد اب کنٹرول لائن کے نہتے شہریوں پر غصہ اتار رہا ہے جس کی وجہ سے اس کے مکروہ عزائم دنیا بھر میں اشکار ہو رہے ہیں، سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ نریندرا مودی نے سواء کروڑ کشمیریوں کو پندرہ ماہ سے زائد عرصہ سے یرغمال بنا رکھا ہے اور عالمی برادری تاحال ہندوستان کے مکروہ عزائم کے خلاف خاموش ہے، ہندوستانی فوج نے آزادی کی تحریک سے کشمیریوں کو دور رکھنے کے لئے ہر ممکن مظالم ڈھائے، پیلٹ گنوں سے بچوں کی بصارت چھینی جارہی ہے، سینکڑوں دن دیہاڑے بے دردی سے قتل کر دیا گیا، جس میں معصوم بچے اور خواتین بھی شامل ہیں، حریت قیادت کو پابند سلاسل کر دیا گیا لیکن اس کے باوجود کشمیریوں کو تحریک آزادی سے روکا نہ جا سکا ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں