قبائلی تنازعات میں خواتین کو نشانہ بنانا ناقابلِ قبول، وزیراعلیٰ سندھ

وزیراعلیٰ سندھ کا خواتین پر تشدد، کاروکاری اور جرگوں کے فیصلوں پر سخت قانونی کارروائی کا اعلان

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ یہ دن خواتین اور بچیوں کو ہر قسم کے تشدد سے تحفظ فراہم کرنے کے عالمی عزم کی تجدید کا دن ہے۔

وزیراعلیٰ ہاؤس سے جاری کردہ بیان میں سید مراد علی شاہ نے کہا کہ خواتین پر تشدد نہ صرف ان کی صحت بلکہ پورے خاندان اور معاشرتی ترقی کو شدید نقصان پہنچاتا ہے۔

انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ کاروکاری کے نام پر قتل ایک سنگین جرم ہے جو کسی بھی صورت قابل قبول نہیں، جبکہ خواتین کو پیسوں کے عوض فروخت کرنا بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ قبائلی تنازعات میں خواتین کو نشانہ بنانا انتہائی قابل مذمت عمل ہے اور اس میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ جرگوں کے فیصلوں پر خواتین کو قتل یا تشدد کا نشانہ بنانا ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

صوبائی حکومت کے اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے مراد علی شاہ نے بتایا کہ حکومت سندھ خواتین کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے صوبے بھر میں شکایتی مراکز اور دارالامان چلا رہی ہے، جہاں متاثرہ خواتین کو قانونی معاونت، مشاورت اور تحفظ کی مکمل سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔

اس کے علاوہ محکمہ ترقی خواتین کی ہیلپ لائن 1094 بھی تشدد زدہ خواتین کی فوری مدد کے لیے ہمہ وقت فعال ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے پولیس کو ہدایت کی کہ وہ خواتین پر تشدد کے واقعات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے بلا تاخیر قانونی کارروائی یقینی بنائے۔

انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ خواتین کے خلاف ہونے والے جرائم کی فوری اطلاع دیں، متاثرہ خواتین کو تنہا نہ چھوڑیں اور خواتین کے احترام، تحفظ اور مساوی حقوق کے فروغ میں حکومت کا بھرپور ساتھ دیں۔