دفتر دیر سے آنے والے ملازمین ہوشیار! بڑا حکم آگیا

صوبائی وزیر صنعت و تجارت جام اکرام اللہ دھاریجو نے غیر حاضر اور دیر سے آنے والے ملازمین کے خلاف فوری کارروائی کا حکم دے دیا۔

 

صوبائی وزیر نے کراچی میں سندھ انڈسٹریل اینڈ ٹریڈنگ اسٹیٹ کا اچانک دورہ کیا اور مختلف انتظامی امور و شعبوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا، اس موقع پر ایم ڈی سائٹ احمد فواد شاہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔

 

صوبائی وزیر نے ملازمین کے حاضری رجسٹر خود چیک کیے اور غیر حاضر اور دیر سے آنے والے ملازمین کے خلاف فوری محکمہ جاتی کارروائی کا حکم دیا۔

 

جام اکرام اللہ دھاریجو نے ہدایت کی کہ تمام ملازمین وقت کی پابندی کو ہر صورت یقینی بنائیں اور خبردار کیا کہ پابندی نہ کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی و انتظامی ایکشن لیا جائے گا۔

 

انہوں نے سائٹ کے مختلف شعبوں کا دورہ کر کے وہاں صفائی ستھرائی، سیکیورٹی کے انتظامات اور ادارے میں نظم و ضبط برقرار رکھنے کے لیے موثر اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی، ساتھ ہی زور دیا کہ تاجر برادری کو تمام ممکنہ سہولیات فراہم کی جائیں، انتظامی امور میں مکمل شفافیت یقینی بنائی جائے اور سائٹ کے تمام شعبوں کی مجموعی کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جائے۔