ایڈوائزری کونسل کا پہلا اجلاس، گورنر کے پی کاصوبے کے عوام کو اہم پیغام

گورنر فیصل کریم کنڈی نے ایڈوائزری کونسل کے پہلے اجلاس کے دوران خیبر پختونخوا کے عوام کو اہم پیغام دے دیا۔

فیصل کریم کنڈی نے 11 رکنی ایڈوائزری کونسل کے پہلے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اپنے خطاب میں کہا کہ تمام شرکا کو خوش آمدید کہتا ہوں، ہمیں بہت سے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑے گا، کرپشن پر ہماری زیر وٹالرنس پالیسی ہے، ایسا نہیں ہوگا کہ کمیٹیاں بنائیں اور دو ماہ بعد بھول جائیں، وفاق اور عوام نے اس لیے اعتماد کیا ہے ہم ڈیلیور کریں، ہماری پہلی ترجیح امن و امان کا قیام اور دہشتگردی کا خاتمہ ہے

گورنر کے پی نے شرکا سے کہا کہ سب سے پہلے امن ہے، اس کے بعد ترقی اور باقی چیزیں ہیں، کسی صوبے کے اچھے اقدام کو ہم بھی فالو کر سکتے ہیں، ہم نے ایسے اقدامات بھی کرنے ہیں کہ باقی صوبے ہمیں فالو کریں، خیبر پختونخوا قدرتی وسائل سے مالا مال ہے، صوبے میں سب سے زیادہ گیس کی پیدوار ہوتی ہے اور پانی بھی موجود ہے، میری پوری سپورٹ ایڈوائزری کونسل کے ساتھ ہے، 24 گھنٹے آپ کی خدمت کیلیے موجود ہوں، اپنے اقدامات سے یہ پیغام دیں گے کہ ہم پر اعتماد کیا گیا ہے ہم اس پر پورا اتریں گے۔