سعودی عرب کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں! وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر مملکت کے حکمرانوں، عوام اور وہاں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔

اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعظم نے پاک سعودی تعلقات، دفاعی اشتراک، معاشی تعاون اور حالیہ علاقائی چیلنجز پر دوٹوک اور جامع مؤقف اپنایا۔

وزیراعظم نے اپنے پیغام میں زور دیا کہ گزشتہ سال پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان طے پانے والے غیر معمولی دفاعی و اسٹریٹیجک معاہدے اور گزشتہ ماہ سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے مابین مکہ جوائنٹ ڈیفنس الائنس کا قیام ہماری مشترکہ جدوجہد میں ایک نئے اور تاریخی باب کا آغاز ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس مشترکہ عزم کا بنیادی مقصد اپنے اصولوں کا تحفظ، علاقائی امن و سلامتی کو مضبوط بنانا اور ابھرتے ہوئے چیلنجز کا مل کر مردانہ وار مقابلہ کرنا ہے۔

مملکت کی سلامتی کے حوالے سے وزیراعظم نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی سلامتی، بہبود اور حرمین شریفین کے تقدس کو اپنی مقدس امانت سمجھتا ہے۔ انہوں نے سعودی عرب پر حوثیوں کے حالیہ حملوں، بالخصوص مکہ مکرمہ کی مقدس حدود پر ڈرون حملے کی گھناؤنی کوشش کی شدید ترین مذمت کی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مکہ مکرمہ کو نشانہ بنانے کا تصور دنیا بھر کے دو ارب مسلمانوں کے لیے گہرے دکھ، غم و غصے اور صدمے کا باعث بنا ہے، کیونکہ حرم کی حرمت ناقابلِ پامالی ہے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ حرم کی سلامتی اور تقدس ہماری ’’ریڈ لائن‘‘ ہے جسے کبھی عبور نہیں ہونے دیا جائے گا، اور پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہمیشہ شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔

معاشی تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کے لیے فراہم کردہ مالی تعاون اور روشن اقدامات نے ملکی معاشی استحکام اور ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔

سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان کے وژن کے تحت سعودی پاکستان اقتصادی تعاون کے فریم ورک کے تحت بڑھتی ہوئی شراکت داری دونوں ممالک کے معاشی مستقبل کی روشن نوید ہے۔

وزیراعظم نے اس بات پر بھی فخر کا اظہار کیا کہ سعودی عرب لاکھوں پاکستانیوں کا دوسرا گھر ہے، جہاں تارکین وطن اپنی محنت اور لگن سے دونوں ممالک کی ترقی و خوشحالی میں ایک زندہ پل کا کردار ادا کر رہے ہیں۔

آخر میں وزیراعظم شہباز شریف نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مملکت سعودی عرب کو ہمیشہ اپنی حفاظت، سلامتی اور بے پناہ برکتوں سے نوازے اور دونوں برادر ممالک کا رشتہ مزید مضبوط ہو۔