مال روڈ فیصل چوک پر جماعت اسلامی لاہور کا دھرنا جاری ہے، امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے ملک گیر ہڑتال اور اسلام آباد کی جانب مارچ کا اعلان کردیا۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ مہنگائی کی وجہ سے لوگوں کے چولہے ٹھنڈے ہوگئے ہیں، مال روڈ پر خواتین بھی مہنگائی کے خلاف احتجاج کر رہی ہیں اور جماعت اسلامی کی جدوجہد میں شانہ بشانہ شریک ہیں۔
حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا تھا کہ مہنگائی اس قدر بڑھ چکی ہے کہ مرد کی آمدنی سے گھر کا خرچ چلانا مشکل ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پٹرولیم لیوی ختم نہ کی گئی تو دھرنا ختم نہیں کریں گے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی ملک گیر ہڑتال کرے گی اور اسلام آباد کی جانب مارچ بھی کیا جائے گا۔ حکومت پٹرولیم مصنوعات پر عائد اضافی ٹیکس واپس لے۔
امیر جماعت اسلامی نے پٹرولیم لیوی کے خلاف دھرنا مطالبات کی منظوری تک جاری رکھنے کا اعلان بھی کیا۔






