آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشتگردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق زیارت، ہرنائی اور سوراب میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 9 سے زائد دہشتگرد ہلاک کیے گئے۔ ذرائع نے بتایا کہ زیارت اور ہرنائی کے درمیان پہاڑی علاقے میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو گھیرے میں لے کر نشانہ بنایا گیا جس میں 8 دہشتگرد ہلاک اور ان کا ٹھکانہ تباہ کر دیا گیا۔ ضلع سوراب کے علاقے حاجیکہ گاؤں میں آپریشن کے دوران ایک دہشتگرد ہلاک ہوا۔ سیکیورٹی فورسز نے دشت کٹائی اور حاجیکہ کے درمیان ناکہ بندی کرکے دہشتگردوں کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا۔ ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے ایمونیشن، میگزین، دستی بم، واکی ٹاکی، موٹرسائیکل اور دیگر سامان برآمد ہوا۔ سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں دہشتگردی کے مکمل خاتمے اور دیرپا امن کے قیام تک کارروائیاں بلا تعطل جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔






