لاہور (آن لائن) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ کسی کو سندھ سے کوئی مخالفت نہیں، اگر کسی کو کارکردگی طعنے کی طرح لگتی ہے تو کارکردگی پر بات تو ہوگی۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ بغیر کسی ثبوت کے کرپشن کے الزامات لگانے والے کو عدالتوں میں بھی لے جایا جا سکتا ہے۔ بغیر ثبوتوں کے پریس کانفرنسز کرنے پر سوال پوچھا جائے تو اسے سیاسی انتقام قرار دینا درست نہیں۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ جن کے صوبے میں ایک سڑک پر 8 ارب روپے کی کرپشن ہوجاتی ہے، وہ ہم سے سوال پوچھیں گے؟ جن کی اپنی سندھ حکومت میں الیکٹرک پنکھوں سے لے کر پورے پورے امتحانی سینٹر بک جاتے ہیں، وہ ہم سے سوال کریں گے؟ جن کے یہاں ’’ششٹم‘‘ کا مطلب کیا ہوتا ہے، وہ ہم سے سوال کریں گے؟
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ اسکینڈل سندھ میں ہوتے ہیں، پنجاب میں نہیں۔ پنجاب میں کوئی بے ضابطگی ہوتی ہے تو وزیراعلیٰ اور ان کی ٹیم خود سامنے لاتے ہیں، لوگوں کو بچاتے نہیں ہیں۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ الحمدللہ پنجاب میں صاف پانی کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔ آج بھی مریم نواز نے مسلسل پانچویں میٹنگ کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں دور دراز علاقوں کے لوگوں کو گھر گھر ہزاروں لیٹر مفت پانی کی بوتلیں پہنچائی جارہی ہیں۔ جو تھر میں بچوں کو صاف پانی نہیں دے پاتے، جہاں انسان اور جانور اکٹھے پانی پیتے ہیں، انہیں پنجاب میں صاف پانی کا درد اٹھ رہا ہے، ویسے کیا کمال لوگ ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مریم نواز نے پنجاب کو ٹینکر مافیا کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا۔






