خود انحصاری کی جانب اہم قدم اٹھاتے ہوئے نادرا نے پاکستان میں تیار کردہ کیو آر کوڈ پر مبنی نیا قومی شناختی کارڈ متعارف کرا دیا ہے۔
نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے مطابق یہ محفوظ کیو آر کوڈ والا چِپ کے بغیر کارڈ ڈیجیٹل شناخت کی آسان اور قابلِ رسائی تصدیق کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔
یہ پولی کاربونیٹ کارڈ نادرا کی تکنیکی اور سیکیورٹی ضروریات کے مطابق نیشنل سیکیورٹی پرنٹنگ کمپنی (NSPC)، کراچی میں پاکستان میں ہی تیار کیا گیا ہے۔
درآمدی مائیکرو چِپ کی جگہ محفوظ کیو آر کوڈ کے استعمال سے بیرونِ ملک سے چِپ حاصل کرنے پر انحصار ختم ہو گیا ہے۔ اس کے ساتھ ڈیجیٹل تصدیق کو بھی زیادہ آسان اور مؤثر بنایا گیا ہے۔
وفاقی حکومت نے 23 فروری 2026 کو نئے کارڈ کے اجراء کی منظوری دی تھی۔ نئے کارڈ میں مائیکرو چِپ کی جگہ محفوظ کیو آر کوڈ شامل کیا گیا ہے جسے “پاک آئیڈنٹیٹی” (PakID) موبائل ایپلیکیشن کے ذریعے اسمارٹ فون پر پڑھا اور تصدیق کیا جا سکے گا۔
کیو آر کوڈ میں کارڈ ہولڈر کی شناختی معلومات اور تصویر موجود ہوں گی۔ اس سے مختلف ادارے اپنے کمپیوٹرائزڈ نظام میں نام، پتے اور دیگر شناختی معلومات زیادہ آسانی اور یکسانیت کے ساتھ درج کر سکیں گے۔ اس سے ڈیٹا اندراج کے دوران ہونے والی غلطیوں میں بھی کمی آئے گی۔






